راجستھان ‘ مجالس مقامی انتخابات میں کانگریس کی جیت

,

   

۔20 شہری مجالس مقامی میں اقتدار ۔ بی جے پی چھ تک محدود ۔ چیف منسٹر گہلوٹ کا اظہار مسرت
جئے پور 19 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) برسر اقتدار کانگریس نے راجستھان میں 20 مجالس مقامی اداروں پر کنٹرول حاصل کرلیا ہے جہاں 49 کیلئے انتخابات گذشتہ ہفتے ہوئے تھے ۔ بی جے پی کو صرف چھ مجالس مقامی میں اکثریت حاصل ہوسکی ہے ۔ کانگریس نے شہری مجالس مقامی میں 2,105 کے منجملہ 965 وارڈز میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ بی جے پی 736 وارڈز میں جیت سکی ہے ۔ ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نتائج میں یہ بات سامنے آئی ہے ۔ بہوجن سماج پارٹی نے 16 وارڈز میں ‘ سی پی آئی ایم نے تین وارڈز میں اور این سی پی نے دو وارڈز میں کامیابی حاصل کی ہے ۔ ریاست میں گذشتہ سال ڈسمبر میں کانگریس کے اقتدار پر آنے کے بعد یہ مجالس مقامی کے اولین انتخابات تھے ۔ بحیثیت مجموعی 385 آزاد امیدواروں نے بھی کامیابی حاصل کی ہے جو راجستھان کے 24 اضلاع میں منعقد ہوئے تھے ۔ نتائج کے مطابق کانگریس کو 20 شہری مجالس مقامی میں واضح اکثریت حاصل ہوگئی ہے جبکہ محض چھ شہری علاقوں میں بی جے پی کو اکثریت حاصل ہوئی ہے ۔ 23 میں آزاد ارکان کو اکثریت حاصل ہوئی ہے ۔ کانگریس اور بی جے پی دونوں ہی جماعتوں نے دعوی کیا ہے کہ وہ مزید نو تا دس مجالس مقامی میں اقتدار کیلئے آزاد ارکان کی تائید و حمایت حاصل کرسکتے ہیں۔ چیف منسٹر اشوک گہلوٹ نے ان نتائج پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ نتائج توقعات کے مطابق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ ریاست کے عوام نے حکومت کی کارکردگی کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپنی رائے کا اظہار کیا ہے ۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ وہ مزید 10 کارپوریشنوں میں اقتدار حاصل کرنے کے موقف میں بھی ہے ۔