جے پور : راجستھان میں مانسون کی اچھی بارشیں ہو رہی ہیں اور شدید بارشوں کی وجہ سے کوٹہ ڈویژن کے درجنوں گاؤوں زیر آب آ گئے ہیں ، جبکہ بھرت پور ، باراں ، بوندی اور جھالواڑ اضلاع کے کچھ علاقے بھی سیلاب کے حالات بن گئے ہیں ۔ وزیراعلیٰ اشوک گہلوت نے سوشل میڈیا کے ذریعے آج بتایا کہ کوٹہ ، باراں ، بوندی اور جھالواڑ کے کچھ علاقوں میں مسلا دھار بارشوں سے سیلاب کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے ۔ انتظامیہ کو راحت رسانی کے کاموں کی ہدایت دی گئی ہے ۔ این ڈی آر ایف ، ایس ڈی آر ایف اور سول ڈیفنس کی ٹیمیں راحت رسانی کا کام کر رہی ہیں۔ فوج سے بھی رابطہ کیا گیا ہے اور ضرورت پڑنے پر فوج کی مدد لی جائے گی۔ مسٹر گہلوت نے کہا کہ دھول پور میں بھی چمبل ندی خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے اور بھرت پور میں شدید بارش کی وجہ سے کچھ علاقوں میں سیلاب کے حالات پیدا ہو سکتے ہیں ۔ بھرت پور اور دھول پو میں بھی انتظامیہ کو الرٹ پر رکھا گیا ہے ۔