تلنگانہ میں تبدیلی کے حق میں لہر، سچن پائلٹ کی حیدرآباد میں پریس کانفرنس
حیدرآباد 27نومبر (سیاست نیوز) سابق مرکزی وزیر اور راجستھان کے کانگریس قائد سچن پائلٹ نے تلنگانہ کے علاوہ چھتیس گڑھ ، مدھیہ پردیش اور راجستھان میں کانگریس کے اقتدار کو یقینی قرار دیا اور کہا کہ تلنگانہ عوام بی آر ایس و بی جے پی سے عاجز آچکے ہیں۔ گاندھی بھون میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سچن پائلٹ نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس کے حق میں زبردست لہر ہے ۔ راہول گاندھی ، پرینکا گاندھی اور ملکارجن کھرگے کی انتخابی مہم سے کانگریس کا موقف مستحکم ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نئی ریاست سے متعلق عوام نے جو خواب دیکھے تھے، وہ بکھر گئے۔ کے سی آر نے 10 سالہ دور حکومت میں روزگار کی فراہمی کے بجائے بیروزگاری کی شرح میں اضافہ کیا ہے۔ تلنگانہ کے عوام تبدیلی چاہتے ہیں اور کانگریس کو برسر اقتدار لاتے ہوئے 6 ضمانتوں پر عمل آوری کو یقینی بنایا جائے گا۔ سچن پائلٹ نے کہا کہ30 نومبر کو تلنگانہ کے ووٹر نہ صرف ریاست بلکہ ملک میں نئی سیاسی صف بندی کے حق میں فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے عوام سے کیا گیا ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا ہے۔ سچن پائلٹ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ تبدیلی کے حق میں ووٹ دیں۔ ایک سوال کے جواب میں سچن پائلٹ نے کہا کہ راجستھان میں 5 سال میں ایک مرتبہ حکومت کی تبدیلی کی روایت موجود ہے لیکن اس مرتبہ یہ روایت ٹوٹ جائے گی اور کانگریس دوسری مرتبہ برسر اقتدار آئیگی۔ پانچ ریاستوں میں عوام نے بی جے پی کے خلاف ووٹ دیا ہے۔ سچن پائلٹ نے کہا کہ الیکشن کے بعد ارکان اسمبلی نئے چیف منسٹر کا انتخاب کریں گے۔