بارمیر ۔ /2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان میں کانگریس کے اشوک گہلوٹ کے زیرقیادت کابینہ میں شامل واحد مسلم وزیر صالح محمد نے اقلیتی امور کا قلمدان سنبھالنے کے چند دن میں جیسلمیر کے شیوا مندر میں پوجا کی ۔ صالح محمد جو ایک مسلم مذہبی رہنما اور عالم دین غازی فقیر کے بیٹے ہیں وزیر بننے کے بعد اتوار کو پہلی مرتبہ جیسلمیر میں اپنے حلقہ اسمبلی پوکھران آئے تھے ۔ صالح محمد نے شیومندر میں پوجا کرنے کے بعد کہا کہ ’’دیو ، دیویاں کسی طبقہ یا ذات پات کے نہیں ہوتے وہ ہندو حیا مسلم نہیں ہوتے ۔ ہر ایک پر انہیں اعتقاد ہے ۔ ہماری گنگاجمنی تہذیب اور بھائی چارگی ہے جو بذات خود ایک مثال ہے ۔ ہندوؤں اور مسلمانوں کا بابا رام دیو (رام دیورا مندر) کے مقامی مندر کے بابا رام دیو) پر عقیدہ ہے ۔ وزیر نے کہا کہ وہ اپنے شخصی عقیدہ کے مطابق اس مندر کے درشن کئے ہیں ۔ مندر کے پجاری مدھو چنگانی نے کہا کہ صالح محمد کی اس مندر سے دیرینہ وابستگی رہی ہے ۔ انہوں نے یہ پہلی مرتبہ پوجا نہیں کی ہے بلکہ اسمبلی انتخابات کے دوران بھی وہ کئی مرتبہ پوجا کرچکے ہیں ۔ چنگانی نے کہا کہ صالح محمد اس سے پہلے لارڈ شیوا کی مورتی کو دھونے کے بعد وہاں دودھ اور شہد کا نذرانہ پیش کرچکے ہیں ۔ صالح محمد نے حلقہ پوکھران سے ایک مقامی سربراہ ہندو مذہبی رہنما اور بی جے پی امیدوار سوامی پرتاپ پوری کو شکست دے کر اسمبلی کے لئے منتخب ہوئے تھے ۔