راجمندری میں تلگو جرنلسٹ ستیہ نارائنا کا قتل

,

   

راجمندری۔/16اکٹوبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) آندھرا پردیش کے راجمندری ٹاون میں ایک تلگو روز نامہ سے وابستہ جرنلسٹ کو چند نامعلوم افراد نے چاقو گھونپ کر ہلاک کردیا۔ 49 سالہ کے ستیہ نارائنا ’ آندھرا جیوتی ‘ میں بحیثیت رپورٹر ملازم تھے جن کی نعش منگل کو ضلع گوداوری میں اُن کے گھر کے قریب پڑی پائی گئی۔ پولیس نے ڈاگ اسکواڈ کی مدد سے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ تین مشتبہ افراد حراست میں لئے گئے ہیں۔ نعش بغرض پوسٹ مارٹم مردہ خانہ منتقل کردی گئی ۔ ڈسٹرکٹ پولیس سپرنٹنڈنٹ عدنان نعیم عاصم نے چہارشنبہ کو مقام واردات کا معائنہ کیا اور مہلوک صحافی کے ارکان خاندان سے بات چیت کی۔ وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ پیرمی نانی نے کہا کہ اس قتل میں جو کوئی بھی ملوث ہو اس کو انتہائی سخت سزا دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے ڈائرکٹر جنرل پولیس کو ہدایت کی ہے کہ خاطیوں کا فی الفور سراغ لگایا جائے۔سیاسی جماعتوں کے قائدین نے ستیہ نارائنا کے قتل کو دراصل صحافت پر حملہ قرار دیا اور کہا کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ یہ میڈیا کو ڈرانے کیلئے ایک منظم سازش کی گئی ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ستیہ نارائنا پر گزشتہ ماہ قاتلانہ حملہ ہوا تھا جس میں وہ بال بال بچ گئے تھے۔ پولیس میں اس واقعہ کی شکایت کی گئی تھی لیکن پولیس انہیں بچانے میں ناکام رہی۔