راجناتھ کی میکرن سے ملاقات، دفاعی روابط پر غور

,

   

وزیر دفاع رافیل طیاروں کی کھیپ حاصل کریں گے
پیرس8اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام )وزیردفاع راجناتھ سنگھ نے آج فرانسیسی صدر ایمانیول میکرن سے یہاں ملاقات کی اور دونوں قائدین نے مضبوط تر ہند ۔ فرانس دفاعی اور کلیدی روابط پر غور و خوض کیا۔ اُن کی ملاقات کافی گرمجوشانہ اور ثمرآور بتائی گئی۔ راجناتھ پیر کو فرانس پہونچے تاکہ ہندوستانی فضائیہ کو حاصل ہونے والے رافیل لڑاکا جیٹ طیاروں کی پہلی کھیپ وصول کرنے کی سرکاری تقریب میں شرکت کرسکیں۔ الیسی پیالس میں میکرن کے ساتھ میٹنگ کے دوران راجناتھ نے ہندوستان کیساتھ کلیدی شراکت داری پر فرانس کا خیرمقدم کیا۔ اُنھوں نے کہا کہ فرانس،ہندوستان کا اہم اسٹریٹجک پارٹنرہے اور دونوں ملکوں کے درمیان خصوصی تعلقات رسمی روابط سے کہیں آگے ہے۔ راجناتھ فرانس کے دو روزہ دورے پر ہیں۔ انہوں نے ٹویٹ کیا، ’’فرانس آکر خوشی محسوس ہورہی ہے ۔یہ عظیم ملک ہندوستان کا اہم اسٹریٹجک اتحادی ہے اور ہمارے خصوصی تعلقات رسموں سے کافی آگے ہیں‘‘۔راجناتھ اپنے دورے کے دوران رافیل طیاروں کی کھیپ حاصل کریں گے۔ اس دوران فرانس کے وزیر دفاع فلورینس پرلی بھی موجود رہیں گے۔وہ فرانس کے وزیر دفاع کے ساتھ سالانہ دفاعی مذاکرات میں بھی حصہ لیں گے۔ دورہ فرانس کے دوران راج ناتھ رافیل سے پرواز بھی کریں گے۔