نئی ہلی: آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے رکن اور سپریم کورٹ کے وکیل انتخاب عالم نے بہار میں رہنے والے سابق مرکزی وزیر مسٹر یشونت سنہا کو صدر کے عہدے کے لیے پوری اپوزیشن کا امیدوار قرار دینے پر کانگریس کی قومی صدر محترمہ سونیا گاندھی جی اور دیگراپوزیشن رہنماوں کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ مسٹر عالم نے کہا کہ یہ بہار کے لیے اعزاز کی بات ہے کہ پوری اپوزیشن نے مسٹر یشونت سنہا کو ہندوستان کے صدر کا امیدوار بنایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بہار کو یہ اعزاز سابق صدر آنجہانی راجندر پرساد کے بعد ملا ہے اور یہ عہدہ کے وقار کے مطابق بھی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سابق آئی اے ایس افسر مسٹر یشونت سنہا نے 1984 میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا اور سابق وزیر اعظم آنجہانی چندر شیکھر جی کی رہنمائی میں اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز کیا۔انہوں نے کہا کہ مسٹر سنہا، جنہوں نے آنجہانی اٹل بہاری واجپائی کی کابینہ میں سیاسی اور انتظامی تجربہ حاصل کیا ہے ، صدارت کے ہر پیمانہ پر بہترین امیدوار ہیں۔مسٹرعالم نے زور دیا ہے کہ بہار سمیت پورے ملک کو ضمیر کی آواز سن کر ووٹ دینا چاہیے ۔ایسے پرمسرت موقع پر خاص کر بہار کے ووٹروں کو اس کا فائدہ اٹھانا چاہیے ۔