راجوری میں دو عام شہریوں کی ہلاکت ناقابل برداشت

   

مجرموں کے خلاف سخت کارروائی ناگزیر،بی جے پی کا ردعمل
جموں : جموںوکشمیر بی جے پی کے صدر رویندر رینا نے جمعہ کے روز کہاکہ راجوری میں فوجی کیمپ کے باہر فائرنگ کے واقعے میں دو نوجوانوں کی ہلاکت ناقابل برداشت ہے ۔انہوں نے کہاکہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، جی او سی جموں، ڈپٹی کمشنر ، صوبائی کمشنر جموں اور ناردرن کمانڈر کے ساتھ معاملہ اُٹھایا اور سبھی نے یقین دلایا ہے کہ معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات ہوگی اور جوکوئی بھی ملوث ہوگا اُس کو بخشا نہیں جائے گا۔جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران بی جے پی کے جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینا نے کہاکہ راجوری میں جمعے کی صبح فائرنگ کے ایک واقعے میں دو مقامی نوجوان از جان ہوئے ۔انہوں نے کہاکہ مہلوکین فوجی کیمپ میں قائم کنٹین میں کام کر رہے تھے اور جمعے کی صبح جب وہ کیمپ کے اندر جا رہے تھے تو اُنہیں گولیوں کا نشانہ بنایا گیا۔انہوں نے مزید کہاکہ معاملہ انتہائی حساس ہے اور اسکی غیر جانبدارانہ تحقیقات ہونی چاہئے ۔رویندر رینا نے کہا : ‘ اس معاملے کو لے کر ضلع ترقیاتی کمشنر جموں ، صوبائی کمشنر ، جی او سی اور ناردرن کمانڈر کے ساتھ ساتھ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے ساتھ بات کی اور سبھی نے یقین دلایا کہ معاملے کی تحقیقات کی جائے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے ۔بی جے پی صدر نے بتایاکہ جو بھی اس واقعے میں ملوث ہوگا اُس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لانے کی ضرورت ہے کیونکہ دو غریب خاندانوں کا سب کچھ لٹ گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ بی جے پی کے لیڈران علاقے میں خیمہ زن ہے اور سوگوار خاندان کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔