فیصلہ میں تاخیر سے پارٹی کو نقصان کا اندیشہ
حیدرآباد ۔30۔ جون (سیاست نیوز) گوشہ محل رکن اسمبلی راجہ سنگھ کی معطلی بی جے پی قیادت کیلئے درد سر بن چکی ہے۔ ہائی کمان نے کئی مرتبہ ریاستی قائدین کو یقین دلایا کہ راجہ سنگھ کی معطلی ختم کردی جائیگی لیکن آج تک اس سلسلہ میں احکام جاری نہیں کئے گئے۔ اب جبکہ اسمبلی انتخابات قریب ہیں راجہ سنگھ کے حامی پارٹی ریاستی قیادت پر دباؤ بنارہے ہیں کہ معطلی ختم کریں۔ بتایا جاتا ہے کہ بنڈی سنجے نے ہائی کمان کو دو مرتبہ مکتوب روانہ کرکے معطلی ختم کرنے تجویز پیش کی لیکن ہائی کمان نے راجہ سنگھ کے خلاف مہاراشٹرا، تلنگانہ اور دیگر مقامات پر نفرت انگیز تقاریر کیلئے مقدمات کے پیش نظر معطلی ختم کرنے کا فیصلہ نہیں کیا۔ اسی دوران سابق رکن پارلیمنٹ وجئے شانتی نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا کہ معطلی کے مسئلہ پر تاخیر کے نتیجہ میں کارکنوں میں بے چینی پائی جاتی ہے ۔ کارکنوں کا احساس ہے کہ معطلی میں تاخیر سے پارٹی کو نقصان ہوگا۔ وجئے شانتی نے کہا کہ بنڈی سنجے اور پارٹی کے دیگر ریاستی قائدین راجہ سنگھ کی معطلی ختم کرنے کے حق میں ہیں۔ انہوں نے مزید تاخیر کے بغیر معطلی ختم کرنے کی اپیل کی۔ دیکھنا یہ ہے کہ پارٹی ہائی کمان وجئے شانتی کی درخواست پر کیا فیصلہ کرے گا۔ر