راجیو گاندھی سدبھاونایادگاری پروگرام کا 19 اکٹوبر کو انعقاد

   

تاریخی چارمینار کے دامن میں پرچم کشائی، آر سی کنتیا اور دوسروں کی شرکت
حیدرآباد۔/11 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) راجیو گاندھی سدبھاونا یادگار کمیٹی نے ہر سال کی طرح 19اکٹوبر کو تاریخی چارمینار کے دامن میں سدبھاونا یادگاری پروگرام کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ کمیٹی کے صدر نشین اور کانگریس کے ترجمان جی نرنجن نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 1990 میں آنجہانی راجیو گاندھی نے تاریخی چارمینار کے دامن میں کانگریس کا پرچم لہراکر سدبھاونا ریالی کا آغاز کیا تھا۔ اس کے بعد ہر سال یادگاری کمیٹی پروگرام منعقد کررہی ہے۔ گزشتہ سال کانگریس کے صدر راہول گاندھی مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک تھے۔ نرنجن نے بتایا کہ 19 اکٹوبر کو جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ آر سی کنتیا تاریخی چارمینار کے دامن میں پرچم کشائی انجام دیں گے۔ تقریب میں اے آئی سی سی سکریٹریز کے علاوہ سابق صدور پردیش کانگریس اور سینئر قائدین شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وی ہنمنت راؤ، پونالہ لکشمیا، ڈاکٹر جے گیتا ریڈی، ایم ششی دھر ریڈی اور محمد علی شبیر شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی سدبھاونا دیوس پر کسی ممتاز شخصیت کو سدبھاونا ایوارڈ پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جاریہ سال مجاہد آزادی ڈاکٹر کشن کو ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر کشن ’ ہندوستان چھوڑدو تحریک‘ سے وابستہ رہے اور 1968 میں علحدہ تلنگانہ تحریک کے آغاز میں ان کا اہم رول رہا۔