چینائی ۔ 11 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)مدراس ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم آنجہانی راجیو گاندھی قتل کیس میں عمر قید کی سزاء کاٹنے والی نلنی کی درخواست کو آج مسترد کردیا نلنی نے عدالت میں درخواست داخل کرتے ہوئے ٹاملناڈو کابینہ کے فیصلہ کی بنیاد پر انہیں قبل از وقت رہا کرنے کی درخواست کی تھی۔ اس کا کہنا تھاکہ ریاستی گورنر کی اس کیلئے منظوری لازمی ہے۔ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق دستورکی دفعہ 161 کے تحت گورنر وزراء کی کونسل کے مشورے کے پابند ہوتے ہیں۔ تاہم کسی قیدی کی معافی کیلئے گورنر کے دستخظ لازمی ہیں۔ جسٹس آر سبیا اور جسٹس پونگیا پن پر مشتمل بنچ نے نلنی کے وکیل کی بحث کو مسترد کردیا جس میں انہوں نے گورنر کی منظوری کو ضروری قرار نہیں دیا تھا۔
