راجیو گاندھی قتل کے 7 ملزمین کی رہائی کیلئے پی ایم کے کا مطالبہ

,

   

وزیراعظم نریندر مودی سے نئی دہلی میں رام داس کی ملاقات

چینائی 10 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ٹاملناڈو کی سیاسی جماعت پی ایم کے کے بانی ایس رام داس نے وزیراعظم نریندر مودی سے نئی دہلی میں ملاقات کی اور سابق وزیراعظم راجیو گاندھی کے قتل میں سزا کاٹنے والے 7 مجرمین کی رہائی کے لئے ان کی اس کیس میں مداخلت کی خواہش کی۔ رام داس نے اپنے بیٹے اور راجیہ سبھا کے رکن انبومنی کے ساتھ نئی دہلی میں وزیراعظم سے اس سلسلہ میں 20 منٹ بات چیت کی۔ پی ایم کے کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں اس بات چیت کو کافی دوستانہ، گرمجوشانہ اور تعمیری قرار دیا گیا۔ مودی کو دیئے گئے مکتوب میں پی ایم کے کے سربراہ نے کہاکہ سپریم کورٹ نے ٹاملناڈو حکومت کو راجیو گاندھی قتل کیس کے سات مجرمین کو رہا کرنے کی اجازت دے دی تھی۔ اس سلسلہ میں ٹاملناڈو کی حکومت نے ایک کابینی قرارداد بھی 9 ستمبر 2018 ء کو منظور کی تھی اور ٹاملناڈو کے گورنر بنواری لال پروہت سے انھیں رہا کرنے کی سفارش بھی کی تھی لیکن گورنر کا دفتر اس میں تاخیر کررہا ہے۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ ساری دنیا میں پائے جانے والے ٹامل باشندے اس بات کی اُمید کررہے ہیں کہ گورنر فوری ان کی رہائی عمل میں لائیں گے۔ 28 سال سے زائد عرصہ تک انھیں جیل میں بند کرنے کو اس مکتوب میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔ رام داس نے کہاکہ سابق وزیراعظم راجیو گاندھی کی بیوہ سونیا گاندھی اور ان کے فرزند راہول گاندھی نے واضح طور پر کہا ہے کہ مذکورہ سات قیدیوں کی رہائی پر انھیں کوئی اعتراض نہیں ہے۔ رام داس نے مودی کی جانب سے امریکہ میں ٹامل زبان کی ستائش کی بھی سراہنا کی۔ پی ایم کے، بی جے پی کی اتحادی جماعت ہے۔ رام داس نے کاویری اور گوداوری کو مربوط کرنے کا مطالبہ کیا۔