ہنمنت راؤ کو نوٹس کی اجرائی، گرفتاری کیلئے پیش کرنے کانگریس قائدین کا فیصلہ
حیدرآباد ۔20۔ مئی(سیاست نیوز) سابق وزیراعظم آنجہانی راجیو گاندھی کی برسی کے موقع پر پولیس نے کانگریس قائدین کو خراج عقیدت پیش کرنے کی اجازت سے انکار کیا ہے ۔ سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے پولیس سے درخواست کی تھی کہ پنجہ گٹہ میں واقع راجیو گاندھی کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کرنے کے لئے چند قائدین کو اجازت دی جائے ۔ لاک ڈاؤن کی تحدیدات پر عمل کرتے ہوئے کسی جلسہ یا تقریب کے بغیر خراج عقیدت پیش کیا جائے گا ۔ انہوں نے اپنی درخواست میں کہا کہ سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا جائے گا ۔ پولیس نے اجازت سے انکار کرتے ہوئے وی ہنمنت راؤ کو نوٹس جاری کی۔ ہنمنت راو نے نوٹس قبول کرنے سے انکار کردیا جس پر نوٹس ان کے مکان پر چسپاں کردی گئی ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ 85 فیصد لاک ڈاؤن ختم ہوچکا ہے ۔ تمام تجارتی ادارے اور دیگر سرگرمیاں بحال ہوگئیں، اس کے باوجود پولیس کا رویہ افسوسناک ہے ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کانگریس قائدین صبح 9 بجے پنجہ گٹہ پہنچ کر راجیو گاندھی کے مجسمہ پر پھول نچھاور کریںگے۔ اگر پولیس اجازت نہ دے تو کانگریس قائدین خود کو گرفتاری کیلئے پیش کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے لئے اپنی جان قربان کرنے والے راجیو گاندھی کو خراج عقیدت پیش کرنے سے روکنا افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اگر قائدین کو گرفتار کرتی ہے تو ہم اس کے لئے تیار ہیں۔ ہر ضلع میں ضلع کانگریس صدور اور دیگر قائدین راجیو گاندھی کو خراج عقیدت پیش کریں گے اور خود کو گرفتاری کیلئے پیش کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ 27 اپریل کو ٹی آر ایس کے یوم تاسیس کے موقع پر ہر ضلع میں ٹی آر ایس کا پرچم لہرایا گیا، اس وقت پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی ۔ اب جبکہ لاک ڈاؤن میں رعایتیں دی گئی ہیں، کانگریس کو ایک قومی قائد کو خراج پیش کرنے سے روکنا افسوسناک ہے۔ انہوں نے شکایت کی کہ سابق میں ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اور جیوتی راؤ پھولے کو خراج پیش کرنے سے روک دیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ صرف چند قائدین کے چند منٹ تک مجسمہ کے پاس موجودگی سے لاک ڈاؤن کی کوئی خلاف ورزی نہیں ہوگی۔