راجیو یوا وکاسم اسکیم، درخواستوں کے ادخال میں 24 اپریل تک توسیع

   

تعطیلات کے پیش نظر حکومت کا فیصلہ، خود روزگار اسکیم کے تحت اقلیتوں اور دیگر طبقات کو امداد
حیدرآباد 14 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے بیروزگار نوجوانوں کی راجیو یوا وکاسم اسکیم کے لئے درخواستوں کے ادخال کی تاریخ میں 24 اپریل تک توسیع کردی ہے۔ ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور اقلیتی طبقات سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو خود روزگار اسکیم کے تحت کاروبار شروع کرنے 50 ہزار تا 4 لاکھ روپئے تک سبسیڈی پر مبنی قرض کی فراہمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسکیم کے لئے حکومت نے 9 ہزار کروڑ مختص کئے ہیں۔ راجیو یوا وکاسم کے لئے آن لائن درخواستوں کے ادخال کی آج آخری تاریخ تھی تاہم مختلف گوشوں سے توسیع کے لئے نمائندگی کی گئی کیوں کہ گزشتہ 3 دن سے سرکاری تعطیلات کے سبب درخواست گذاروں کو سرکاری دستاویزات کے حصول میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے عہدیداروں سے مشاورت کے بعد درخواستوں کے ادخال کی تاریخ میں 24 اپریل تک توسیع کردی ہے۔ اسکیم کے لئے نوجوانوں کو آن لائن درخواستیں داخل کرنا ہے۔ حکومت نے ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور اقلیت کے 442438 نوجوانوں کو 8083 کروڑ سبسیڈی پر مبنی قرض جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تمام طبقات کے استفادہ کنندگان کا تعین کرتے ہوئے متعلقہ محکمہ جات نے ایکشن پلان تیار کیا ہے۔ این ایس یو آئی کے ریاستی صدر وینکٹ سوامی اور دیگر نوجوانوں کی تنظیموں کی جانب سے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے نمائندگی کرتے ہوئے توسیع کی درخواست کی گئی۔ استفادہ کنندگان کے لئے 50 ہزار روپئے مکمل سبسیڈی رہے گی جبکہ ایک لاکھ روپئے کی امداد میں 90 فیصد سبسیڈی دی جائے گی۔ درخواست گذاروں کو اہلیت کے لئے آدھار کارڈ، راشن کارڈ یا انکم سرٹیفکٹ، ڈرائیونگ لائسنس، بینک پاس بُک اور دیگر دستاویزات پیش کرنی ہے۔ شہری اور دیہی علاقوں کے امیدواروں کے لئے علیحدہ شرائط مقرر کی گئی ہیں۔1