نئی دہلی: نوٹوں کے بنڈل ملنے کی خبر کے بعد پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ سبھا میں زبردست ہنگامہ ہوا۔ جمعرات کو کانگریس ایم پی کی سیٹ سے یہ نوٹ ملے ہیں۔ یہ بنڈل کارروائی کے بعد ایوان کی تحقیقات کے دوران برآمد کیا گیا۔ اب تحقیقات کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ مرکزی وزیر اور بی جے پی رکن پارلیمنٹ جے پی نڈا نے کہا کہ یہ واقعہ عام نہیں ہے اور یہ ایوان کے وقار پر حملہ ہے۔ چیئرمین واقعہ کی تحقیقات کرائیں۔ مرکزی وزراء کرن رجیجو اور پیوش گوئل نے بھی معاملے کی تحقیقات کے بارے میں بات کی۔قبل ازیں راجیہ سبھا کے چیرمین جگدیپ دھنکھر نے کہا کہ میں اراکین کو بتانا چاہتا ہوں کہ کل ایوان کی کارروائی ملتوی ہونے کے بعد معمول کی جانچ کے دوران سیکورٹی اہلکاروں نے سیٹ نمبر 222 سے 500 روپے کے نوٹوں کا بنڈل برآمد کیا۔ یہ سیٹ فی الحال ریاست تلنگانہ سے منتخب ہونے والے ابھیشیک منو سنگھوی کو الاٹ کی گئی ہے۔ یہ معاملہ میرے نوٹس میں لایا گیا اور میں نے اس بات کو یقینی بنایا کہ تحقیقات ہوئی ہیں اور تحقیقات جاری ہیں۔ کانگریس صدر اور ایوان میں پارٹی لیڈر ملکارجن کھرگے نے چیئرمین کے کسی ایک پارٹی سے جوڑنے پر سوالات اٹھائے۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعے کی تحقیقات ہونے پر واضح ہو جائیگا کہ قصوروار کون ہے، تاہم فی الحال براہ راست کسی پر الزام لگانا درست نہیں۔