راس ٹیلر نے سچن تنڈولکر اورویراٹ کوہلی کو پیچھے چھوڑدیا

   

آکلینڈ ۔9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) نیوزی لینڈ کے اسٹار بیٹسمین راس ٹیلر کسی بھی ایک طرز کی کرکٹ میں 20سنچریاں اسکور کرنے والے نیوزی لینڈ کے پہلے بیٹسمین بن گئے ہیں۔ راس ٹیلر نے نیلسن میں سری لنکا کے خلاف 131گیندوں پر 137رنز کی شاندار اننگز کھیل کر 115رنز کی فتح میں مرکزی کردار ادا کیا۔ ان فارم راس ٹیلر اس سنچری کے ساتھ ہی کرکٹ کے کسی بھی ایک فارمیٹ میں 20 سنچریاں بنانے والے پہلے کیوی بیٹسمین بن گئے ہیں۔ انہوں نے آخری چھ ونڈے بین الاقوامی میچوں میں بالترتیب 181ناٹ آوٹ، 80، 86 ناٹ آوٹ، 54 ،90 اور 137رنز بنائے۔ اس عمدہ مظاہروں کے نتیجے میں راس ٹیلر نے سچن تنڈولکر اور ویراٹ کوہلی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے آخری چھ ونڈے بین الاقوامی میچوں میں 50
سے زائد اوسط کے ساتھ اسکوربنایا ہے جبکہ کوہلی اور سچن پانچ مواقع پر یہ کارنامہ سرانجام دیا ہے۔

صلاح کو افریقہ کے بہترین فٹبالر کا ایوارڈ
سینیگال ۔9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) مصر کے اسٹار اسٹرائیکر محمد صلاح نے مسلسل دوسری مرتبہ افریقہ کے بہترین فٹ بالر کااعزاز حاصل کرلیا، سینیگال میں ہوئی تقریب میں انہیں ایوارڈ سے نوازا گیا۔ محمد صلاح نے اپنے کلب لیورپول کو چیمپئنزلیگ کے فائنل میں پہنچنے میں مدد دی، پریمئر لیگ کے اِس سیزن میں وہ اب تک 13 گول کر چکے ہیں۔ ٹیکنیکل ڈائریکٹرز اور کنفیڈریشن آف افریقن فٹ بال میں شامل 56 ٹیموں کے ہیڈ کوچز نے ووٹنگ میں حصہ لیا اور محمد صلاح کو افریقہ کا بہترین فٹ بالر قرار دیا۔ان کا مقابلہ اس سال بھی لیورپول کے ہی سانڈیو مانی اور آرسینل کے پائیری ایمی رک سے تھا۔