راشد خان کی دھونی کے مشہور ہیلی کاپٹر شاٹ کی مشق

   

نئی دہلی۔ ہندستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی ) کے ذریعے متحدہ عرب امارات میں انڈین پریمیر لیگ کے انعقاد سے متعلق اعلان کے ساتھ ہی اس لیگ میں شامل کھلاڑیوں نے اپنی تیاریاں شروع کردی ہیں ان میں افغانستان کے سرکردہ آل راؤنڈر راشد خان بھی شامل ہیں جو ان دنوں ہندستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کے مشہور ہیلی کاپٹر شاٹ کی مشق کرنے میں مصروف ہیں ۔کوویڈ ۔19 کے بعد کرکٹ آہستہ آہستہ ٹریک پر آرہی ہے ۔ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے مابین ٹیسٹ سیریز جاری ہے ۔ سیریز کے لئے پاکستان کی ٹیم انگلینڈ میں پریکٹس کررہی ہے ۔ افغانستان کے کھلاڑیوں نے بھی پریکٹس شروع کردی ہے ۔ اسٹار افغانی کرکٹر راشد خان کو بھی پریکٹس کرتے دیکھا گیا ، لیکن اس بار وہ بولنگ کی بجائے بیٹنگ کرتے نظر آئے ۔راشد خان آئی پی ایل میں سن رائزرس حیدرآباد کی طرف سے کھیل رہے ہیں۔ سن رائزرس حیدرآباد نے ان کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ روایتی قمیص شلوار پہنے اسٹیڈیم میں کھیلتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں ۔ اس ٹینس بال کرکٹ میں وہ ایم ایس دھونی کے انداز میں ہیلی کاپٹر شاٹ لیتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ یہ ویڈیو وائرل ہوگیا اور مداح اس ویڈیو کو بہت لائیک کر رہے ہیں۔گذشتہ ماہ راشد خان کی والدہ کا انتقال ہوگیا تھا۔ ڈیڑھ سال قبل ان کے والد کا اس وقت انتقال ہواتھاجب راشند بگ بیش لیگ میں کھیل رہے تھے ۔