راشن شاپس پر آئرش کے ذریعہ اناج کی سربراہی

   

صارفین کی سہولت کے لیے نیا طریقہ روشناس ، یلاریڈی کے 16 دکانوں پر تجرباتی آغاز
یلاریڈی ۔ 5 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : راشن شاپس پر اب آنکھوں کی شناخت ( آئرش طریقہ ) سے اناج سربراہ کرنے کی سیول سپلائی محکمہ تیاری کررہا ہے ۔ ضلع بھر میں تجرباتی طور پر 16 دکانات میں اس ماہ سے ہی یہ طریقہ عمل میں لایا جارہا ہے ۔ اس کے بعد ضلع کے تمام ارزاں فروشی پر عمل میں لایا جائے گا ۔ واضح رہے کہ بدعنوانیوں کو روکنے کی خاطر سیول سپلائی محکمہ نے ای پاس طریقہ کو لاگو کیا تھا ۔ جس میں صارفین کی انگلیوں کے نشان سے راشن سربراہ کیا جارہا تھا ۔ لیکن اس طریقہ کار میں کافی رکاوٹیں پیدا ہورہی تھیں جس سے صارفین کو راشن کے لیے مشکلات کا سامنا ہورہا تھا ۔ خاص کر ضعیف العمر اشخاص کی انگلیوں کے نشان مشینوں پر نہ آنے سے روزانہ انہیں چکر لگانے پڑ رہے تھے ۔ جس سے عوام کی شکایتوں میں دن بہ دن اضافہ ہورہا تھا اور راشن ڈیلروں کے لیے امتحان ثابت ہورہا تھا اس لیے متعلقہ اعلیٰ عہدیداروں نے اس طرح کی مشکلات کو دور کرنے کے اقدامات کرتے ( آئرش ) آنکھوں کی شناخت سے راشن سربراہ کرنے کا فیصلہ کیا ۔ ضلع میں جملہ 577 ارزاں فروشی کے حدود میں 2 لاکھ 48 ہزار راشن کارڈ ہیں اور 16 ہزار انتودیا کارڈ ہیں ، جس سے ضلع میں آٹھ لاکھ 70 ہزار افراد مستفید ہورہے ہیں ۔ محکمہ سیول سپلائی بدعنوانیوں کو روکنے کے لیے اس جدید طریقہ کار کو عمل میں لانے جارہی ہے جس سے صارفین کو راحت ملنے کی امید ہے ۔ اس لیے تجرباتی طور پر ضلع کے 7 منڈلوں کے حدود میں 16 ارزاں فروشی پر آئرش آنکھوں کی شناخت والا مشین سربراہ کیا گیا ۔ ڈیلروں کو او ایس ایس تنظیم کے ذریعہ تربیت بھی دی گئی ہے ۔ آئرش کے مشینوں کو یلاریڈی منڈل کے 02-10-22 نمبر والے ارزاں فروش دوکانات کو سربراہ کیا گیا ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ منڈل بچکنڈہ میں 13-17 نمبر پر مدنور منڈل میں 03 نمبر جُکل منڈل میں 06-08 اور 17 نمبر والے ارزاںفروشی پر ناگی ریڈی پیٹ کے 02-12-22 نمبر والے دوکانات پر ۔ بڑی کوڑپگل کی 03 نمبر دکان پر پٹلیم منڈل میں 16-22-23 نمبر والے راشن شاپس پر تجرباتی طور پر آزمایا جارہا ہے ۔ اگر یہ طریقہ کار صد فیصد کامیاب رہا تو ضلع بھر میں تمام ارزاں فروشی پر آنکھوں کی شناخت سے راشن سربراہ کیا جائے گا ۔ سیول سپلائی محکمہ کمشنر سے احکامات ملتے ہی اس پر عمل آوری کا باضابطہ آغاز کردیا جائے گا ۔۔