راشن شاپس ڈیلرس کے معاوضہ میں اضافہ کا مطالبہ

   

مطالبات کی عدم یکسوئی پر یکم مارچ سے اشیاء کی تقسیم روک دینے کا انتباہ
حیدرآباد ۔ 6 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : آل انڈیا راشن شاپس ڈیلرس فیڈریشن نے تلنگانہ کے بشمول ملک گیر سطح پر راشن شاپس ڈیلرس کو درپیش مسائل بشمول راشن شاپس ڈیلرس کے لیے ماہانہ معاوضہ میں اضافہ کرنے کا حکومت سے پر زور مطالبہ کیا بصورت دیگر یکم مارچ سے ملک گیر سطح پر تمام ڈیلرس کی جانب سے راشن کی تقسیم کو روکدینے کا سخت انتباہ دیا ۔ ملک بھر میں راشن شاپس ڈیلروں کو درپیش دیرینہ حل طلب مسائل پر تفصیلی غور و خوص کرنے اور آئندہ کی حکمت عملی کو قطعیت دینے کے لیے آل انڈیا راشن شاپس ڈیلرس فیڈریشن کا ایک اہم اجلاس دہلی میں منعقد ہوا ۔ اس اجلاس میں ملک کی تمام تر ریاستوں سے ہزاروں راشن شاپس ڈیلرس بشمول ریاستی صدر و جنرل سکریٹریز راشن شاپس ڈیلرس اسوسی ایشن نے شرکت کی ۔ اس اجلاس میں کئی ایک قرار دادیں منظور کی گئیں ۔ صدر و جنرل سکریٹری تلنگانہ راشن شاپس ڈیلرس اسوسی ایشن نے اجلاس کے اختتام کے بعد بتایا کہ راشن شاپس ڈیلرس فیڈریشن کے اجلاس میں تمام تر ریاستوں میں راشن شاپس ڈیلروں کو درپیش مختلف مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اہمیت کے حامل مسائل پر حکومت سے موثر نمائندگی کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور قرار دادیں بھی منظور کی گئیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ملک گیر سطح پر جملہ 5.17 لاکھ راشن شاپس ڈیلرس پائے جاتے ہیں اور ان تمام راشن شاپس ڈیلرس کے لیے کم از کم ماہانہ 50 ہزار روپئے تنخواہ کے طور پر فراہم کرنے یا فی کنٹل راشن کی فروخت پر کم از کم 300 روپئے بطور کمیشن معاوضہ فراہم کرنے کا مرکزی و ریاستی حکومت سے پر زور مطالبہ کیا ۔۔