راشن کارڈ رکھنے والے ہر خاندان کو چاول کی سربراہی یقینی

   

عوام فکر مند نہ ہوں، صدر نشین سیول سپلائیز کارپوریشن سرینواس ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔/4 اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ سیول سپلائیز کارپوریشن کے صدر نشین سرینواس ریڈی نے کہا کہ راشن کارڈ رکھنے والے ہر شخص کو راشن فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے لہذا سفید راشن کارڈ ہولڈرس کو اناج و امدادی رقم کے بارے میں فکر مند ہونے کی کوئی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ہر خاندان کیلئے مفت چاول کی سربراہی کا اعلان کیا۔ ریاست بھر میں چاول کی تقسیم کی سیول سپلائیز کے اعلیٰ عہدیدار نگرانی کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یکم اپریل سے چاول کی تقسیم کا آغاز ہوا ہے۔ بعض مقامات پر تکنیکی مسائل کے سبب تقسیم میں دشواری پیش آئی ہے۔ ان خامیوں کو دور کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ سرینواس ریڈی نے بتایا کہ کسی کو بھی چاول کے بارے میں فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یکم اپریل سے تین دن میں 22 لاکھ خاندانوں کو 88 ہزار میٹرک ٹن چاول تقسیم کیا گیا۔ جملہ 87.59 لاکھ سفید راشن کارڈ ہولڈرس میں سے 25 فیصد سے زائد کو تین دن میں چاول تقسیم کیا گیا۔ انہوںنے کہا کہ ایک دن میں صبح سے شام تک ساڑھے چار لاکھ افراد کو مفت چاول دیا گیا۔ ریاست میں حیدرآباد، رنگاریڈی اور میڑچل اضلاع کو چھوڑ کر تلنگانہ بھر میں راشن شاپ کے ذریعہ تقسیم کا عمل مکمل جاری ہے۔ حیدرآباد میں 5.80 لاکھ ، رنگاریڈی میں 5.24 لاکھ اور میڑچل میں4.95 لاکھ راشن کارڈ ہولڈرس ہیں ۔ ان تینوں اضلاع میں 16 لاکھ راشن کارڈ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمشنر سیول سپلائیز اور دیگر عہدیداروں کی ٹیم تقسیم میں تکنیکی خرابی دور کرنے میں مصروف ہے۔