راشن کارڈس کا انتظار اب ہوا ختم یکم مارچ سے ایک لاکھ راشن کارڈس جاری ہوں گے

,

   

2014ء کے بعد پہلی مرتبہ تلنگانہ میں نئے راشن کارڈس کی اجرائی

حیدرآباد۔ 25 فروری (سیاست نیوز) طویل عرصہ سے راشن کارڈس کا انتظار کرنے والے عوام کو ریونت ریڈی کی زیرقیادت کانگریس حکومت نے خوشخبری دی ہے۔ حکومت نے یکم مارچ سے ایک لاکھ راشن کارڈس تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عہدیداروں کی جانب سے حیدرآباد، متحدہ اضلاع رنگاریڈی، محبوب نگر وغیرہ میں راشن کارڈس تقسیم کرنے کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ حیدرآباد کے علاوہ ضلع وقارآباد میں 22 ہزار، ضلع ناگرکرنول میں 15 ہزار، ضلع نارائن پیٹ میں 12 ہزار، ضلع ونپرتی میں 6 ہزار، ضلع محبوب نگر میں 13 ہزار، ضلع گدوال میں 13ہزار، ضلع میڑچل ملکاجگری میں 6 ہزار، ضلع رنگاریڈی میں راشن کارڈس تقسیم کئے جائیں گے۔ ایم ایل سی انتخابات کے پیش نظر جن اضلاع میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہے، ان کے علاوہ دیگر اضلاع میں 8 مارچ کے بعد راشن کارڈس تقسیم کرنے کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ واضح رہے کہ ریاست میں پہلے ہی سے 90 لاکھ راشن کارڈس موجود ہیں جن میں 2.81 کروڑ استفادہ کنندگان شامل ہیں۔ بی آر ایس کے دور حکومت سے ہی عوام کی جانب سے نئے راشن کارڈس جاری کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے لیکن کانگریس پارٹی نے عوام سے کئے گئے اہم وعدہ کو پورا کرتے ہوئے راشن کارڈس جاری کرنے کی راہ ہموار کی ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق حکومت 6 لاکھ سے زائد نئے راشن کارڈس جاری کرنے پر غور کررہی ہے۔ اگر درخواستیں زیادہ تعداد میں وصول ہوتی ہیں تو انہیں بھی نئے راشن کارڈس دیئے جائیں گے۔ سال 2014ء سے تلنگانہ میں نئے راشن کارڈس جاری نہیں کئے گئے۔ ان 10 سال کے دوران کئی لڑکیوں کی شادیاں ہوئی ہیں اور وہ اپنے سسرال منتقل ہوچکی ہیں۔ حکومت کی فلاحی اسکیموں سے استفادہ کرنے کیلئے راشن کارڈس کو لازمی قرار دیا جارہا ہے۔ راشن کارڈ نہ ہونے کی وجہ سے عوام فلاحی اسکیموں سے محروم ہورہے ہیں جس کا جائزہ لینے کے بعد ریونت ریڈی حکومت نے عوام کو نئے راشن کارڈس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جاریہ سال 26 جنوری کو 16,900 خاندانوں کو راشن کارڈس منظور کئے گئے تھے۔ مزید خاندانوں کو راشن کارڈس فراہم کرنے کیلئے گرام سبھا میں درخواستیں وصول کی گئیں۔ حالیہ عرصہ میں می سیوا سے بھی درخواستیں قبول کی جارہی ہیں جس کا جائزہ لینے کے بعد اہل افراد کو راشن کارڈس منظور کئے جائیں گے۔ 2