راشن کارڈس کی اجرائی کیلئے آج سے 5 روزہ سروے

   

حیدرآباد ۔ 2 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : فیملی ڈیجیٹل کارڈس ( ایف ڈی سی ) کی اجرائی کیلئے 3 اکٹوبر سے ریاست کے 119 اسمبلی حلقوں کے 238 علاقوں میں سروے کے کاموں کا آغاز ہوگا ۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے 5 دنوں میں سروے کے کاموں کو مکمل کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ہے ۔ ریاست میں طویل عرصے سے عوام راشن کارڈس کی اجرائی کا مطالبہ کررہے ہیں ۔ کانگریس پارٹی نے اپنے انتخابی منشور میں عوام کو نئے راشن کارڈس جاری کرنے کا وعدہ کیا تھا ۔ راشن کارڈس کی اجرائی کے لیے کابینی سب کمیٹی تشکیل دی تھی اور عہدیداروں کی ٹیم کو چار ریاستوں کے مطالعاتی دورے پر روانہ کیا گیا تھا ان کی رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے ۔ پائیلٹ پراجکٹ کے تحت ریاست کے ہر اسمبلی حلقوں میں ایک شہری اور دیہی علاقے کا انتخاب کیا جارہا ہے ۔ اگر اتفاق سے اسمبلی حلقہ مکمل طور پر شہری علاقہ ہے تو دو وارڈس ، ڈیویژنس کا انتخاب کیا گیا ہے ۔ اگر اسمبلی حلقہ دیہی علاقہ ہے تو دو گاؤں میں سروے کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ اس طرح جملہ 238 علاقوں میں سروے کیا جارہا ہے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ اگر ارکان خاندان اتفاق کرتے ہیں تو خاندان کی تصویر اتاری جائے بصورت دیگر تصویر نہ لینے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ متحدہ اضلاع کے نوڈل عہدیداروں کی کلکٹرس کو نگرانی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ ارکان خاندان کے تفصیلات کے اندراج اور ناموں کی تبدیلی میں خصوصی احتیاطی اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی ۔ غلطیوں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا گیا ہے ۔ 2
پائیلٹ پراجکٹ کے سروے کے دوران پیش آنے والی مشکلات و آسانیوں پر ایک رپورٹ پیش کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے ۔ 2