رافیل :جے پی سی کی تشکیل سے انکار ،کانگریس کا لوک سبھا سے واک آؤٹ

,

   

کانگریس لیڈر کھرگے کو اظہارخیال کی اجازت نہیں دی گئی ۔ سپریم کورٹ نے تک فیصلہ سنادیا : راجناتھ سنگھ

نئی دہلی ۔12 فبروری۔( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے آج لوک سبھا میں رافیل معاملت کے بارے میں جوائنٹ پارلیمانی کمیٹی ( جے پی سی) کیلئے اپنا مطالبہ مسترد کردینے کے بعد ایوان سے واک آؤٹ کردیا۔ کانگریس کے لیڈر ملکارجن کھرگے نے کچھ بولنے کی کوشش کی لیکن اسپیکر سمترا مہاجن نے اجازت نہیں دی اور ایوان کا معمول کا کام کاج جاری رکھا ۔ اس پر ظاہر طورپر ناراض کھرگے نے زور سے پوچھا کہ یہ کیا رویہ ہے ؟ ہم جے پی سی چاہتے ہیں ۔ اسپیکر نے کہاکہ وہ کسی کو بھی نا نہیں کہہ رہی ہے ۔ ’’میں آپ کو بولنے کی اجازت دوں گی جب وقت آئے گا ۔ ابھی تشریف رکھیں ۔ آپ نے کافی چلایا ہے ۔ اپنے گلے کو کچھ آرام دیجئے ‘‘۔ اس مرحلہ پر کھرگے اپنی نشست پر بیٹھ گئے لیکن کہا کہ اگر آپ ہمیں بات کرنے کی اجازت نہیں دیتے ہیں تو ہم یہاں کیوں رہیں ؟ یو پی اے چیرپرسن سونیا گاندھی جو کھرگے کی بازو کی نشست پر تھیں ، انھوں نے تائید میں سر ہلایا ۔ کھرگے نے جلد ہی دیگر کانگریس ایم پیز کو اشارہ کیا کہ احتجاج دوبارہ شروع کردیں اور وہ تیزی سے ایوان کے وسط میں پہونچ گئے ، اُن کے ہاتھوں میں پلے کارڈس تھے اور وہ رافیل معاملت پر جے پی سی کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرے لگارہے تھے ۔ کرپشن کا الزام عائد کرتے ہوئے کھرگے نے کہاکہ جے پی سی تحقیقات اس معاملت کی حقیقت تک پہونچنے کیلئے ضروری ہے ۔ اُنھوں نے اس مسئلہ پر مباحث کا مطالبہ بھی کیا جس پر اسپیکر نے کہاکہ ایوان میں پہلے ہی مباحث ہوچکے ہیں ۔ کھرگے نے کہاکہ سی اے جی رپورٹ برائے دفاع راجیہ سبھا میں پیش کردی گئی اور اُس کا افشاء ہوچکا ۔ انھوں نے کہاکہ یہ رپورٹ لوک سبھا میں پیش نہیں کی گئی ہے ۔ اسپیکر مہاجن نے کہاکہ رپورٹس لوک سبھا میں پیش کردیئے گئے جو ظاہر طورپر تین سی اے جی رپورٹس کی پی رادھا کرشنن کی جانب سے پیشکشی کا حوالہ تھا ۔ ان رپورٹس میں دفاعی خدمات سے متعلق رپورٹ شامل ہے ۔ اس معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ رافیل کے مسئلہ پر ایوان میں بحث ہوچکی اور سپریم کورٹ نے تک اس بارے میں اپنا فیصلہ دیدیا ہے ۔ کھرگے نے کہاکہ وزیراعظم جے پی سی سے خائف ہیں ۔ چونکہ آپ جے پی سی کے مطالبہ کو قبول نہیں کررہے ہیں اس لئے ہم واک آؤٹ کرتے ہیں ۔ اس کے ساتھ وہ اپنے پارٹی رفقاء کے ساتھ ایوان سے باہر چلے گئے ۔
وقفہ ٔ سوالات کے دوران بھی کانگریس کی نعرہ بازی
قبل ازیں لوک سبھا میں وقفۂ سوالات کے دوران کارروائی میں تقریباً 20 منٹ کا خلل ہوا کیونکہ کانگریس کے ارکان رافیل مسئلہ پر پرشور نعرے لگارہے تھے ۔ وہ ایوان کے وسط میں پہونچ کر احتجاج کررہے تھے جس کے باوجود اسپیکر سمترا مہاجن نے وقفۂ سوالات تقریباً 25 منٹ تک جاری رکھا لیکن مسلسل شوروغل سے تنگ آکر اسپیکر نے ایوان کی کارروائی تقریباً 20 منٹ کیلئے 12:45 بجے تک ملتوی کردی ۔