نئی دہلی ، 2جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وشوہندو پریشد (وی ایچ پی )نے وزیراعظم نریندرمودی کے بیان سے اتفاق نہ کرتے ہوئے کہاہے کہ رام مندر کی تعمیر کے لیے تاحیات انتظار نہیں کرسکتے اور عدالتی کارروائی پوری ہونے سے پہلے حکومت کو قانون بناکر اجودھیا میں رام مندر کی تعمیر کی راہ ہموار کرنی چاہئے ۔ اجودھیا میں رام مندر کا معاملہ سپریم کورٹ میں زیرالتواہے اور عدالت عظمی 4جنوری کو یہ فیصلہ کریگی کہ معاملہ کی سماعت کب شروع کی جائے۔ وزیراعظم مودی نے نئے سال کے موقع پر منگل کے روز ایک انٹرویو میں کہاتھا کہ قانونی عمل مکمل ہونے سے پہلے اجودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے لیے آرڈیننس نہیں لایاجائیگا۔ وزیراعظم کے اس بیان کے ایک دن بعد وی ایچ پی کے لیڈر نے کہاکہ عدالتی عمل مکمل ہونے سے پہلے رام مندر بنانے کا قانون لایاجانا چاہئے ۔انھوں نے کہاکہ وی ایچ پی چاہتی ہے کہ مودی حکومت موجودہ میعادکار میں ہی رام مندر پر فیصلہ کرے ۔وی ایچ پی نریندر مودی سے اس سلسلہ میں آرڈیننس لانے کی درخواست کرتی رہے گی ۔مودی نے خبررساں ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کل واضح کردیا تھا کہ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کا مقدمہ عدالت میں زیر دوران ہے اور فیصلہ ہونے تک کوئی آرڈیننس جاری نہیں کیا جائیگا۔