رام مندر کیساتھ مسجد کی بھی آئندہ سال تک تعمیر

   

انڈو اسلامک کلچرل فاؤنڈیشن ٹرسٹ کے سکریٹری اطہر حسین کا بیان

ایودھیا: سپریم کورٹ کے حکم پر ایودھیا میں مسلمانوں کو دی گئی زمین پر مسجد کی تعمیر دسمبر 2023 تک مکمل ہونے کی امید ہے۔ مسجد کی تعمیر کرنے والے ’انڈو اسلامک کلچرل فاؤنڈیشن ٹرسٹ‘ کے ایک سینئر عہدیدار نے یہ اطلاع دی۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو یہ محض اتفاق ہوگا کہ ایودھیا میں عظیم الشان رام مندر کی تعمیر کی تکمیل کے ساتھ ہی مسجد کی تعمیر بھی مکمل ہو جائے گی۔جس زمین پر یہ مسجد تعمیر کی جائے گی وہ رام جنم بھومی بابری مسجد کیس میں سپریم کورٹ کے سنائے گئے حکم کی تعمیل کرتے ہوئے مسلم فریق کو دی گئی ہے۔ اتر پردیش سنی سنٹرل وقف بورڈ نے مسجد کی تعمیر کے لیے انڈو اسلامک کلچرل فاؤنڈیشن ٹرسٹ تشکیل دیا ہے۔ٹرسٹ کے سکریٹری اطہر حسین نے اتوار کو ‘ میڈیاکو بتایا ’’ہمیں امید ہے کہ اس ماہ کے آخر تک ایودھیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی سے مسجد، ہاسپٹل، کمیونٹی کچن، لائبریری اور ریسرچ سینٹر کا نقشہ مل جائے گا۔ اس کے فوراً بعد ہم مسجد کی تعمیر کا کام شروع کر دیا جائے گا۔ اگرچہ فاؤنڈیشن مسجد کے ساتھ دیگر چیزوں کی تعمیر کا کام شروع کرے گی لیکن مسجد چھوٹی ہونے کی وجہ سے جلد ہی اس کے تیار ہونے کا امکان ہے۔ اگرچہ اس کی تعمیر کے لیے کوئی وقت مقرر نہیں کیا گیا ہے لیکن امید ہے کہ اگلے ایک سال کے اندر (دسمبر 2023 تک) مسجد کا ڈھانچہ تیار ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ مسجد اور دیگر سہولیات اسی ڈیزائن کے مطابق تعمیر کی جائیں گی جو ٹرسٹ نے پہلے جاری کیا تھا۔ مسجد کا نام ’دھنی پور ایودھیا مسجد‘ ہوگا جبکہ مسجد کا پورا کامپلکس اور دیگر تمام سہولیات ’مولوی احمد اللہ شاہ کامپلکس‘ کے نام سے جانی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ احمد اللہ شاہ عظیم مجاہد آزادی تھے۔غور طلب ہے کہ شری رام جنم بھومی تیرتھ کیشتر ٹرسٹ نے کہا ہے کہ ایودھیا میں رام جنم بھومی پر ایک عظیم الشان مندر کی تعمیر دسمبر 2023 تک مکمل ہو جائے گی۔ امکان ہے کہ اس وقت تک مسجد کی تعمیر بھی مکمل ہو جائے گی۔شری رام جنم بھومی تیرتھ کیشتر ٹرسٹ کے جنرل سکریٹری چمپت رائے نے 25 اکتوبر کو میڈیا کو بتایا تھا کہ مندر کی تعمیر دسمبر 2023 تک مکمل ہو جائے گی اور جنوری 2024 میں مکر سنکرانتی کے بعد مندر میں باقاعدہ درشن پوجا شروع کی جائے گی۔