۔10 فروری تک مہم جاری رہے گی،2 لاکھ کارکن 12 ہزار گاؤں میں متحرک
حیدرآباد۔ آر ایس ایس نے اعلان کیا ہے کہ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کیلئے تلنگانہ میں فنڈز اکٹھا کرنے کی مہم 20 جنوری تا 10 فروری چلائی جائے گی۔ آر ایس ایس کے جنرل سکریٹری تلنگانہ کے رمیش نے کہا کہ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر قوم کی عزت نفس کی علامت ہے۔ اس کام میں ملک کے ہر شہری کو شامل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فنڈ ریزنگ کا کام ملک بھر میں جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ رام مندر کی تعمیر سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلہ کے بعد رام جنم بھومی تیرتھ ٹرسٹ قائم کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے 2.72 ایکرس پر تعمیر کی جانے والی مندر کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔ 60 ایکر اراضی پر مختلف مذہبی سرگرمیاں انجام دی جائیں گی۔ رام مندر کی تعمیر کے سلسلہ میں کئی عطیہ دہندگان نے پیشکش کیا ہے اور مندر کیلئے فنڈز انکم ٹیکس سے مستثنیٰ رہیں گے۔ پروگرام کی تفصیلات بتاتے ہوئے رمیش نے کہا کہ ٹرسٹ کے تحت تلنگانہ میں ایک کمیٹی قائم کی گئی جو 50 لاکھ خاندانوں سے ربط قائم کرے گی۔ 2 لاکھ کارکن 12000 گاؤں میں متحرک ہوچکے ہیں۔ تمام سیاسی جماعتوں اور رضاکارانہ تنظیموں کا اعتماد حاصل کیا جائے گا۔ رمیش نے ٹرسٹ کی جانب سے تیار کردہ پمفلیٹ جاری کیا۔ ایم رویندر ریڈی اور کے رویندر ریڈی جن کا تعلق وینکٹیشورا کنسٹرکشن سے ہے انہوں نے 10 لاکھ 1116 روپئے کا عطیہ دیا ہے۔ سائی سری انفرااسٹرکچر کے سمپت راؤ نے 3 لاکھ 116 روپئے جبکہ وی سوریا نارائنا سابق پرنسپل ایل بی کالج نے ایک لاکھ 116 روپئے اور سی ایچ دیویندر ریڈی نے ایک لاکھ روپئے کا عطیہ دیا۔ ورنگل ضلع میں عطیہ وصولی مہم سے متعلق اجلاس منعقد کیا گیا جس میں بی جے پی کے سینئر قائدین نے شرکت کی۔