کولکاتا : چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے رام نومی ختم ہوجانے کے بعد ریاست کے مختلف علاقوںمیں رام نومی کے نام پر جلوس نکالے جانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کامقصد بنگال میں امن و امان کی فضا کو خراب کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اجازت نہیں ملنے کے باوجود اقلیتی آبادی پر مشتمل علاقے میں جلوس نکالے جارہے ہیں۔اشتعال انگیز نعرے لگائے جارہے ہیں۔ ممتا بنرجی نے ریاست کے نوجوانوں کوآگے آکر اس کا خاتمہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ قانون شرپسندوں سے سختی سے نمٹے گا ۔ مدنی پور کے کھجوری میں ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ گزشتہ دنوں رام نومی کے موقع پر بی جے پی کے ہوڑہ اور ہگلی کے جلوس کے دوران ہنگامہ برپا ہوگیا۔ جمعرات کو رام نومی تھا مگر اس کے تین دن بعد اتوار کو بھی ہگلی میں رام نومی کا جلوس نکالا گیا اور اس درمیان حالات خراب ہوگئے ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ ہر روز کون جلوس نکالتا ہے مجھے کوئی اعتراض نہیں ہے ۔ میں نے اعتراض نہیں کیا۔ لیکن رام نوامی کا جلوس پانچ دن کیوں نکالا جائے؟ رام نومی اناپورنا پوجا کے نویں دن منائی جاتی ہے ۔ ملک بھر میں رام کے بھکت اس دن کو دھوم دھام سے مناتے ہیں۔ گزشتہ جمعرات کو رام نومی تھی۔ ہوڑہ میں اس موقع پر نکالے گئے جلوس کے دوران د افراتفری مچ گئی۔