رام پور میں برڈ فلو کا قہر، 15 ہزار مرغیاں فوت

   

رام پور :/12 اگست (ایجنسیز)اتر پردیش کے ضلع رام پور میں برڈ فلو کی تصدیق کے بعد انتظامیہ میں ہلچل مچ گئی ہے۔ تحصیل بلاس پور کے گاؤں سیہور میں ایک پولٹری فارم سے 15 ہزار سے زائد مرغیاں مردہ پائی گئیں۔ ابتدائی شکایات کے بعد حیوانات کے محکمہ نے نمونے ہائی سکیورٹی اینیمل ڈیزیز لیبارٹری، بھوپال بھیجے۔ 10 اگست کو موصول ہونے والی رپورٹ میں H5N1 برڈ فلو وائرس کی تصدیق ہوئی۔ رپورٹ ملتے ہی انتظامیہ حرکت میں آ گئی۔ ایس ڈی ایم ارون کمار اور ویٹرنری آفیسر ڈاکٹر ویدپال سنگھ نے جے سی بی کے ذریعے گڑھا کھود کر مردہ مرغیوں کو دفن کیا۔ ساتھ ہی باقی پولٹری فارمز کو سیل کر کے متاثرہ علاقے کے ایک کلومیٹر دائرے میں آمد و رفت مکمل طور پر بند کر دی گئی۔بلاس پور تحصیل کے تقریباً 30 پولٹری فارمز میں 35 ہزار مرغیاں موجود تھیں۔ متاثرہ فارموں میں باقی بچی مرغیوں کو بھی مار کر دفن کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا جو پیر تک جاری رہا۔انتظامیہ نے محکمہ صحت اور جانوروں کے ساتھ ہنگامی میٹنگ کر کے صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایک منصوبہ تیار کیا ہے۔ ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے گاؤں والوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پولٹری فارمز کے قریب نہ جائیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔