چندی گڑھ:شرومنی اکالی دل (ایس اے ڈی) کے سربراہ سکھبیر سنگھ بادل نے اتوار کو کہا کہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی کو لوک سبھا کی رکنیت سے نااہل قرار دینا ’’جمہوریت کے لیے اچھا نہیں ہے‘‘۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ لوک سبھا اسپیکر نے اس معاملے میں ’’جلد بازی سے کام لیا‘‘۔ بادل نے کہا کہ اگرچہ ایس اے ڈی کانگریس پارٹی کے ساتھ ساتھ راہل گاندھی کی پالیسیوں کی بھی مخالفت کرتی رہی ہے، لیکن وہ محسوس کرتے ہیں کہ انہیں (راہل) کو اپنی نااہلی کے خلاف اپیل کرنے کے لیے مناسب وقت دیا جانا چاہیے تھا۔گاندھی کو جمعرات کو سورت کی ایک عدالت نے 2019 کے ہتک عزت کے مقدمے میں دو سال قید کی سزا سنائی تھی۔ ایک دن بعد، انہیں اس کیس میں سزا سنائے جانے کی تاریخ سے لوک سبھا سے نااہل قرار دے دیا گیا۔