راہول اور شریاس کی ہندوستانی ایشیاکپ ٹیم میں واپسی

   

نئی دہلی۔ ہندوستان کے سلیکٹرز کے چیئرمین اجیت اگرکر نے پیرکو ایشیا کپ کے 17 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا،اورکہا کہ کے ایل راہول اور شریاس ایرکو بالترتیب ران اورکمر کی چوٹ سے وقت پر ٹھیک ہونے کے بعد منتخب کیا گیا ہے۔اسکواڈ میں بائیں ہاتھ کے کھلاڑی تلک ورما بھی شامل ہیں جنہوں نے ابھی تک اپنا ونڈے ڈیبیو نہیں کیا ہے۔ سیمرز جسپریت بمراہ اور پرسید کرشنا جنہوں نے کمر کی سرجری سے صحت یاب ہونے کے بعد آئرلینڈ میں جاری ٹی20 سیریز کے دوران بین الاقوامی سطح پر واپسی کی، انہیں بھی منتخب کیا گیا ہے۔ محمد سمیع ویسٹ انڈیز کے پورے دورے میں آرام کے بعد واپسی کررہے ہیں جب کہ محمد سراج اور آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا اور شاردول ٹھاکر فاسٹ بولنگ کے دیگر اہم نام ہیں۔ لیگ اسپنر یوزویندر چہل کو اسکواڈ سے باہرکردیا گیا ہے، کلدیپ یادو کو آل راؤنڈر رویندرا جڈ یجہ اور اکشر پٹیل کے ساتھ کلائی اسپنر کے طور پر ترجیح دی گئی ہے۔ایشان کشن کو سنجو سیمسن کی جگہ ٹیم میں راہول کے بعد دوسرے وکٹ کیپر کے طور پر منتخب کیا گیا۔ تاہم سیمسن محفوظکھلاڑی کے طور پر سری لنکا جائیں گے۔ فاسٹ بولنگ شعبہ میں ابھرتے نوجوان بولر عمران ملک کی عدم موجودگی نے ان کے مداحوں کو مایوس کیا ہے حالانکہ ویسٹ انڈیز کے دورہ پر وہ ہندوستانی ٹیم کا حصہ تھے لیکن انہیں بیرونی سیریز میں ایک بھی مقابلے میں موقع نہیں دیا گیا۔ایشیا کپ کے لیے ہندوستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے: روہت شرما (کپتان)، شبمن گل، ویرات کوہلی، شریاس ایر، کے ایل راہول، ہاردک پانڈیا (نائب کپتان)، رویندرا جڈ یجہ، جسپریت بمراہ، کلدیپ یادیو، محمد سراج، محمد سمیع، ایشان کشن، شاردول ٹھاکر , اکشر پیٹل , سوریا کمار یادو , تلک ورما ,کرشنا پرسد ، محفوظ کھلاڑی: سنجو سیمسن