راہول سے لنچ بریک کے بغیر 9 گھنٹے پوچھ تاچھ

   

نئی دہلی : کانگریس لیڈر راہول گاندھی نیشنل ہیرالڈ معاملہ کے سلسلہ میں منگل کو تقریباً 9 گھنٹے پوچھ تاچھ کئے جانے کے بعد رات تقریباً 8 بجے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ ہیڈکوارٹرس سے روانہ ہوئے۔ ذرائع نے کہاکہ اُنھیں ڈنر کے لئے وقفہ دیا گیا لیکن اُنھوں نے لنچ بریک کے بغیر لگاتار 9 گھنٹے پوچھ تاچھ کا سامنا کیا۔ آج اِس کیس کے سلسلہ میں پوچھ تاچھ کا اُن کا پانچواں دن رہا۔ گزشتہ ہفتے 3 روز لگاتار تفتیش کے بعد سابق صدر کانگریس کل اور آج مزید دو روز تحقیقات میں شامل ہوئے ہیں۔ ابھی تک اُن سے مجموعی طور پر 49 گھنٹے پوچھ تاچھ کی جاچکی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ راہول سے کولکاتا میں قائم ڈوٹیکس مرکنڈائز پرائیوٹ لمیٹیڈ کی جانب سے کئے گئے چند رقمی لین دین کے تعلق سے پوچھ تاچھ کی گئی۔ سونیا گاندھی جو موجودہ طور پر کوویڈ سے صحتیاب ہورہی ہیں، اُن کو یہی کیس میں جمعرات 23 جون کو پوچھ تاچھ کے لئے طلب کیا گیا ہے۔ سونیا گاندھی کو چند روز قبل ہی ای ڈی کے روبرو حاضر ہونا تھا لیکن علالت کے باعث اُنھوں نے چند روز کا وقت مانگا تھا۔ نیشنل ہیرالڈ سے متعلق غیر قانونی رقمی لین دین کا الزام عائد کرتے ہوئے سونیا گاندھی اور راہول گاندھی سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔