آکلینڈ ۔27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پانچ میچوں کی ٹی 20 سیریز کے دوسرے میچ میں ہندوستان نے نیوزی لینڈ کو آسانی سے 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ 133 رنوں کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری ہندوستانی ٹیم نے 17.3 اوور میں محض تین وکٹ کے نقصان پر آسانی سے جیت حاصل کرلی۔ ہندوستان کی جیت کے ہیرو ایک بار پھر وکٹ کیپر کے ایل راہول رہے، جنہوں نے مسلسل دوسری نصف سنچری لگائی۔کے ایل راہول نے 50 گیندوں میں ناٹ آؤٹ 57 رن بنائے اور شریس ایئرکے ساتھ 86 رنوں کی شراکت کی۔ اپنی نصف سنچری کے دوران کے ایل راہول نے بطور وکٹ کیپر ایسا کارنامہ انجام دیا، جس کے بعد دھونی اور رشبھ پنت بھی پیچھے رہ گئے۔ راہول ٹی -20 میں مسلسل دو نصف سنچری لگانے والے ہندوستان کے پہلے وکٹ کیپر بن گئے۔ واضح رہے کہ راہول نے پہلے ٹی 20 میں بھی نیوزی لینڈ کے خلاف نصف سنچری لگائی تھی اس میچ میں راہول نے 56 رنوں کی اننگز کھیلی تھی۔ راہول نے 11 ویں بار ٹی 20 میں نصف سنچری لگائی، ساتھ ہی وہ مسلسل تین ٹی 20 نصف سنچری لگانے والے ہندوستان کے تیسرے کھلاڑی بنے۔ وراٹ کوہلی نے سال 2012، 2014 اور 2016 میں مسلسل تین ٹی 20 نصف سنچری لگائی تھی۔ روہت شرما نے سال 2018 میں یہ کارنامہ انجام دیا۔ وہیں اب راہول بھی اس فہرست میں شامل ہوگئے ہیں۔ واضح رہیکہ راہول نیوزی لینڈ میں دو ٹی 20 نصف سنچریاں اسکور کرنے والے پہلے ہندوستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔ شریس ایئر، سریش رینا، روہت شرما، یوراج سنگھ نے نیوزی لینڈ میں ٹی 20 نصف سنچری بنائی ہے۔