راہول و پرینکا گاندھی کی آج اضلاع میں انتخابی مہم

   

حیدرآباد ۔24۔نومبر (سیاست نیوز) کانگریس قائدین راہول گاندھی و پرینکا گاندھی کے علاوہ کرناٹک کے ڈپٹی چیف منسٹر بی کے شیو کمار کل 25 نومبر کو تلنگانہ میں کانگریس کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے ۔ راہول گاندھی تین اسمبلی حلقہ جات میں عام جلسوں سے خطاب کیلئے ہفتہ کی صبح ناندیڑ سے ذریعہ ہیلی کاپٹر بودھن پہنچیں گے۔ 12 بجے دن بودھن میں کانگریس امیدوار سدرشن ریڈی کے انتخابی جلسہ سے خطاب کریں گے ، وہاں سے بذریعہ ہیلی کاپٹر عادل آباد پہنچیں گے اور 2 بجے دن کانگریس امیدوار کے انتخابی جلسہ سے خطاب کریں گے۔ راہول گاندھی 4 بجے شام ویملواڑہ میں انتخابی ریالی سے خطاب کے بعد بیگم پیٹ ایرپورٹ پہنچیں گے اور نئی دہلی واپس ہوں گے۔ پرینکا گاندھی جو تلنگانہ کے دو روزہ دورہ پر ہیں، کل 25 نومبر کو 11 بجے دن کھمم اور پالیرو میں انتخابی ریالیوں سے خطاب کریں گی۔ دوپہر 1.30 بجے ستو پلی اور 3.30 بجے مدھیرا اسمبلی حلقہ جات میں جلسہ سے خطاب کے بعد وجئے واڑہ کے گناورم ایرپورٹ روانہ ہوں گی جہاں سے نئی دہلی واپس ہوجائیں گی۔ اسی دوران ڈپٹی چیف منسٹر کرناٹک ڈی کے شیو کمار نے آج اسٹیشن گھن پور میں کانگریس کی انتخابی ریالی سے خطاب کیا۔ وہ 25 نومبر کو حیدرآباد ضلع کے بعض اسمبلی حلقہ جات میں روڈ شو میں حصہ لیں گے۔