راہول کی برق رفتار نصف سنچری ، ہندوستان 340/6

   

راجکورٹ ۔ 17 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیائی ٹیم نے ایک مرتبہ پھر ٹاس جیت کر ہندوستانی ٹیم کو بیٹنگ کیلئے مدعو کیا لیکن اس مرتبہ ہندوستانی ٹیم نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورس میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 340 رنز کا اسکور بنایا۔ ہندوستانی ٹیم نے آج بھی بیٹنگ آرڈر میں تجربات کئے لیکن یہ تجربات ممبئی ونڈے کے برعکس کافی کامیاب ہوئے اور خاص کر کے ایل راہول کو نمبر 3 کے بجائے نمبر 5 پر بیٹنگ کیلئے روانہ کیا جنہوں نے اپنی صلاحیتوں کا اور خاص کر ٹوئنٹی 20 کرکٹ میں اپنی بیٹنگ کا انداز یہاں بھی اختیار کرتے ہوئے 52 گیندوں میں 6 چوکوں اور 3 چھکوں پر مشتمل اپنی اننگز میں 80 رنز کی بہترین اننگز کھیلی۔ آخر اوور میں وہ اسٹرائیک حاصل کرنے کی کوشش میں رن آوٹ ہوئے۔ قبل ازیں روہت شرما اور شکھردھون کی جوڑی نے ہندوستان کو 13.3 اوورس میں 81 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔ آؤٹ ہونے سے قبل روہت نے 44 گیندوں میں 42 رنز اسکور کئے۔ شکھردھون بدقسمت ثابت ہوئے جوکہ چار رنز کی کمی سے سنچری سے محروم ہوئے۔ دھون نے 90 گیندوں میں 13 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 96 رنز بنائے۔ کوہلی اپنے روایتی تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے 76 گیندوں میں 6 چوکوں کی مدد سے 78 رنز اسکور کئے۔ لوور آرڈر میں رویندر جڈیجہ 16 گیندوں میں 20 رنز بنائے لیکن سریاش ایئر (7) اور منیش پانڈے (2) ناکام ہوئے حالانکہ ایئرکو نمبر 4 پر بیٹنگ کیلئے روانہ کیا گیا تھا۔ آسٹریلیا کیلئے ایڈم زمپا نے 50 رنز کے عوض 3 اور رچرڈسن نے 73 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ فاسٹ بولروں کی جوڑی مچل اسٹارک 10 اوورس میں 78 رنز اور پیٹ کمنز نے 10 اوورس میں 53 رنز دینے کے باوجود وکٹ حاصل نہیں کرپائے۔