دبئی: ہندوستانی ٹیم کے سابق کوچ روی شاستری نے کہا ہے کہ ہندوستان کو آسٹریلیا کے خلاف جاری بارڈر ۔گواسکر ٹرافی ٹسٹ سیریز کے بقیہ دو میچوں میں کے ایل راہول کی جگہ شبھ من گل کو قطعی گیارہ میں موقع دینا چاہئے ۔ شاستری نے آئی سی سی کے ریویو پوڈ کاسٹ پر کہا کہ ٹیم انتظامیہ راہول کی فارم سے واقف ہے ۔ وہ ان کی ذہنی حالت سے واقف ہیں۔ وہ جانتے ہیں کہ انہیں گل جیسے کھلاڑی کو کس طرح دیکھنا چاہیے۔ طویل عرصہ سے خرام فارم سے پریشان راہول نے اپنی آخری پانچ ٹسٹ اننگز میں صرف 50 رنز بنائے ہیں۔ دوسری جانب گل نے دسمبر 2022میں بنگلہ دیش کے دورے پر پہلے ٹسٹ میں سنچری بنائی تھی اور اس کے بعد وہ محدود اوورز کی کرکٹ میں تین سنچریاں اور ایک ڈبل سنچری بنا چکے ہیں۔ شاستری نے کہا کہ ہندوستانی ٹیم کو دیسی حالات میں کھیلتے ہوئے نائب کپتان کا انتخاب کرنے سے گریز کرنا چاہئے اور بہترین الیون کے ساتھ میدان میں اترنا چاہئے ۔ شاستری نے کہا کہ میں نے ہمیشہ ہندوستانی حالات میں بہترین الیون کو منتخب کرنے کو ترجیح دی، اور اگر کپتان کو میدان چھوڑنا پڑا تو آپ کسی ایسے کھلاڑی کو ذمہ داری سونپیں گے جو حالات کو سنبھال سکے ۔