راہول کے سچ بولنے کی وجہ سے رکنیت گئی:کھڑگے

   

نئی دہلی : کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے جمعہ کو کہا کہ پارٹی کے سینئر لیڈر راہول گاندھی کی لوک سبھا میں رکنیت سچ بولنے کی وجہ سے ختم کر دی گئی ہے ۔جب یہاں نامہ نگاروں سے راہول گاندھی کی رکنیت ختم کرنے کے بارے میں ان کے ردعمل کے بارے میں پوچھا گیا تو کھڑگے نے کہا، ”ہم ایوان کے اندر اور باہر اور عوامی میٹنگوں میں سچ بولتے رہیں گے ۔ جمہوریت کو بچانے کے لیے پارٹی رہنماؤں کو جیل بھی جانا پڑے تو جائیں گے ۔ آج بھی 140 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے ۔ اڈانی معاملے میں مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی سے تحقیقات کا مطالبہ آگے بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے سینئر لیڈروں کی میٹنگ آج شام 5 بجے پارٹی دفتر میں طلب کی گئی ہے ، جس میں گاندھی کی رکنیت ختم کرنے کے لیے حکمت عملی تیار کی جائے گی۔مسٹر کھڑگے نے کہا کہ حکومت نہیں چاہتی کہ سچ بولنے والا کوئی بھی رکن ایوان کے اندر رہے ۔ انہوں نے کہا، ‘‘ہم اندر بھی سچ بولیں گے اور باہر بھی۔قابل ذکر ہے کہ ہتک عزت کے ایک معاملے میں دو سال کی سزا سنائے جانے کے بعد گاندھی کی لوک سبھا کی رکنیت ختم کر دی گئی ہے ۔ گاندھی کیرالا کی وایناڑ سیٹ سے لوک سبھا کے رکن تھے ۔