بہار میں بوسیدہ این ڈی اے حکومت کو اکھاڑ پھینکنے کا عزم ، کانگریس کی ووٹر ادھیکار یاترا سے تیجسوی یادو کا خطاب
نوادہ : /19 اگست (ایجنسیز) آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے آج دعویٰ کیا کہ بہار کی بوسیدہ این ڈی اے حکومت کو نوجوانوں نے اکھاڑ پھینکنے کا ٹھوس ارادہ کرلیا ہے اور آئندہ لوک سبھا انتخابات کے بعد کانگریس لیڈر راہول گاندھی کو وزیراعظم بنائیں گے ۔ وہ نوادہ میں کانگریس کی ووٹر ادھیکار یاترا کے تیسرے روز ریالی سے خطاب کریں گے ۔ تیجسوی نے یہ بھی کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ نوجوان نسل کو ریاست کے امور چلانے کا موقع حاصل ہو۔ آر جے ڈی لیڈر نے راہول گاندھی کو ایسا لیڈر قرار دیا جنہوں نے وزیراعظم نریندر مودی کی راتوں کی نیند اڑادی ہے ۔ ان کی ریاست گیر یاترا کامیاب ہورہی ہے ۔ تیجسوی نے ہجوم کی بھرپور تائید و حمایت کے درمیان کہا کہ آنے والے اسمبلی چناؤ میں ہم این ڈی اے کو بے دخل کردیں گے جو گزشتہ 20 سال سے ایسی حکومت چلارہی ہے جو پرانی اور بوسیدہ کار کی مانند ہوگئی ہے اور آئندہ لوک سبھا چناؤ میں ہم راہول گاندھی کو وزیراعظم بنائیں گے ۔ بیس بال کیپ اور ٹی شرٹ پہنے تیجسوی نے اپنے گلے میں گمچہ بھی ڈالا ہوا تھا جو صاف طور پر یہ ظاہر کررہا تھا کہ وہ روایت اور ماڈرن طرز کے امتزاج کے نمائندہ ہیں ۔ بہار کے سابق ڈپٹی چیف منسٹر تیجسوی نے کہا کہ ہم نئے بہار کا ویژن رکھتے ہیں ۔ وہ کھلی گاڑی کے اوپر بیٹھ کر ہاتھوں میں مائیک لیکر خطاب کررہے تھے ۔ اس گاڑی میں راہول گاندھی کے ساتھ سی پی آئی (ایم ایل) جنرل سکریٹری دیپانکر بھٹاچاریہ ، وکاس شیل انسان پارٹی کے صدر مکیش ساہانی اور دیگر قائدین بھی موجود تھے ۔ چیف منسٹر بہار نتیش کمار پر طنز کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر تیجسوی نے کہا کہ سی ایم اپنے حواس کھوچکے ہیں اور اب بہار کو چلانے کے قابل نہیں ہے ۔ ان کی حکومت کٹ پتلی بن چکی ہے ۔ میں نے مفت برقی ، سوشل سیکوریٹی پنشن میں اضافہ ، یوتھ کمیشن کے قیام کا وعدہ کیا تھا ۔ ریاستی حکومت نے یہی چیزوں کو نیا رنگ دے کر اسکیمات بنائے ہیں ۔ لیکن ریاست میں بہتر تعلیم ، صحت ، روزگار ، آبپاشی ، سہولتوں اور احتساب کا ہنوز فقدان ہے ۔ تیجسوی نے بی جے پی پر شدید تنقید میں کہا کہ برسراقتدار پارٹی نے الیکشن کمیشن کے ساتھ گٹھ جوڑ کرتے ہوئے بہار کے لوگوں کو ان کے حق رائے دہی سے محروم کیا ہے ۔ کئی لوگ جو زندہ ہیں اور جنہوں نے لوک سبھا چناؤ میں ووٹ ڈالا ، انہیں مردہ قرار دیتے ہوئے ان کے نام تازہ انتخابی فہرستوں سے حذف کردیئے گئے ہیں ۔ تیجسوی نے دوہرایا کہ بہار میں انتخابی فہرستوں پر خصوصی جامع نظرثانی کی مہم عوام کا ووٹ کا حق چھین لینے کی سازش کا عمل ہے ۔ ایس آئی آر ووٹوں کی چوری اور ڈکیتی ہے اور ہم ایسا ہونے نہیں دیں گے ۔ یہ بہار میں ووٹروں کو حق رائے دہی سے محروم کرنے کیلئے برسراقتدار اتحاد کی سازش ہے ۔ 35 سالہ آر جے ڈی لیڈر نے مزید کہا کہ بی جے پی اور الیکشن کمیشن سونچتے ہیں کہ وہ آسانی سے بہار کے لوگوں کو ووٹ سے محروم کردیں گے لیکن انہیں جاننا چاہئیے کہ بہار میں ہم لیمو اور کھینی سے خام تمباکو بناکر کسی مشکل کے بغیر نگل لیتے ہیں ۔ ہم بہاری ہیں اور جیسا کہ عام طور پر کہتے ہیں بہاری کسی سے بھی مقابلہ کرسکتا ہے ۔