راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی نے ملگ میں کانگریس کی بس یاترا کا آغاز کیا

   

جگہ جگہ شاندار استقبال، دونوں قائدین نے پدیاترا کے ذریعہ عوام سے ملاقات کی
حیدرآباد۔/18 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) سابق صدر کانگریس پارٹی راہول گاندھی نے ملگ میں رامپا مندر میں پرینکا گاندھی کے ہمراہ خصوصی پوجا کے بعد کانگریس کی بس یاترا کا آغاز کیا۔ بس یاترا کے آغاز پر راہول گاندھی نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا کہ کانگریس حکومت تلنگانہ کی ترقی کی ضمانت کے ساتھ برسر اقتدار آئے گی اور بی جے پی رشتہ دار سمیتی بی آر ایس حکومت زوال سے دوچار ہوگی۔ انہوں نے لکھا کہ کامیابی کا سفر تبدیلی کا آغاز ہے۔ قبل ازیں خصوصی طیارہ کے ذریعہ راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی بیگم پیٹ ایر پورٹ پہنچے اور وہاں سے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ ملگ روانہ ہوئے۔ ایر پورٹ پر کانگریس قائدین ریونت ریڈی، مانک راؤ ٹھاکرے، محمد علی شبیر، انجن کمار یادو، رینوکا چودھری، کودنڈا ریڈی، سمیر ولی اللہ، فہیم قریشی، علی مسقطی، سائی کمار، انیل یادو، ایچ وینوگوپال، ایم سبی رام ریڈی اور دوسروں نے استقبال کیا۔ ہیلی کاپٹر سے ملگ پہنچنے پر ہیلی پیاڈ پر بھٹی وکرامارکا، اتم کمار ریڈی، سیتکا اور دوسروں نے استقبال کیا۔ وہاں سے کانگریس قائدین مشہور رامپا مندر روانہ ہوئے۔ مندر میں خصوصی پوجا کے بعد راہول گاندھی، پرینکا گاندھی نے مندر کی تاریخی اہمیت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ وہاں سے بس یاترا کا آغاز کرتے ہوئے خواتین کے جلسہ عام کے مقام پہنچے۔ بس یاترا کے دوران جگہ جگہ راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی نے ہاتھ ہلا کر عوام کے استقبال کا جواب دیا۔ ان کے ہمراہ ریونت ریڈی، بھٹی وکرامارکا، اتم کمار ریڈی، سیتکا اور دیگر قائدین موجود تھے۔ یاترا کے جلسہ گاہ کے قریب پہنچنے پر راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی خصوصی گاڑی سے نیچے اُتر گئے اور کچھ فاصلہ تک پدیاترا کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی۔ رامانوجا پورم میں کانگریس کی جانب سے بڑے جلسہ عام کا اہتمام کیا گیا تھا۔ جلسہ عام میں خواتین کی کثیر تعداد شریک تھی۔ راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی کی تقاریر کے دوران کافی جوش و خروش دیکھا گیا۔