نئی دہلی، 25 دسمبر (یو این آئی) لوک سبھا میں حزبِ اختلاف کے لیڈر راہول گاندھی اور کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے جمعرات کو ملک کے عوام کو کرسمس کی مبارکباد پیش کی۔راہول گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک ویڈیو پیغام شیئر کرتے ہوئے کہا کہ “سبھی کو میری کرسمس۔ یہ تہوار آپ کی زندگی میں خوشحالی، ہم آہنگی، محبت اور خوشی لے کر آئے ۔ویڈیو میں انہوں نے لوگوں کو نئے سال 2026 کی بھی مبارکباد دی اور کہا کہ آپ کا سال شاندار گزرے ۔ سبھی کو ڈھیر سارا پیار۔کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے بھی کرسمس کے موقع پر ملک کے عوام کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ مقدس تہوار لوگوں کو محبت، ہمدردی، معافی، امن اور اتحاد جیسی دائمی اقدار کو اختیار کرنے کی ترغیب دیتا ہے ۔ملکارجن کھرگے نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ “کرسمس کے اس خوشی کے موقع پر میں تمام شہریوں کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ مقدس تہوار، حضرت عیسیٰ کی ولادت کی علامت، ہمیں محبت، ہمدردی، معافی، امن اور اتحاد جیسی اقدار اپنانے کی تحریک دیتا ہے ۔کانگریس صدر نے امید ظاہر کی کہ یہ تہوار سماج میں ہمدردی اور امن کے جذبے کو مضبوط کرے گا اور سب کی زندگی میں نئی اُمید، خوشی اور خوشحالی لائے گا۔کانگریس پارٹی نے بھی ایکس پر ایک پوسٹ میں ملک کے عوام کو کرسمس کی مبارکباد دی۔ پارٹی نے کہا کہ “یہ تہوار ہر گھر میں امن، بہتر صحت اور خوشی لے کر آئے ۔ محبت اور اتحاد ہمیں مل کر ایک روشن اور ہمدرد مستقبل کی جانب لے جائیں۔ کانگریس کا کنبہ سبھی کو کرسمس کی مبارکباد دیتا ہے ۔”
