نظام آباد کے بجائے آرمور میں جلسہ عام کے بعد یاترا کا اختتام
حیدرآباد ۔19۔اکتوبر (سیاست نیوز) کانگریس قائد راہول گاندھی کی بس یاترا کے تیسرے دن کے پروگرام میں تبدیلی کی گئی ہے۔ پہلے سے طئے شدہ پروگرام مطابق راہول گاندھی 20 اکتوبر کی شام نظام آباد ٹاؤن میں جلسہ عام سے خطاب کرنے والے تھے لیکن نئی دہلی میں راہول گاندھی کی اہم مصروفیات کے پیش نظر آرمور میں جلسہ عام کے بعد تین روزہ بس یاترا کا اختتام ہوگا۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے بتایا کہ راہول گاندھی کی مصروفیات کے پیش نظر نظام آباد کا جلسہ عام ملتوی کردیا گیا ہے۔ کل 20 اکتوبر کو صبح 8.30 بجے کریم نگر سے بس یاترا کا آغاز ہوگا۔ صبح 9 بجے چپاڈنڈی اسمبلی حلقہ میں کارنر میٹنگ سے خطاب کریں گے اور 9.30 بجے کونڈا گٹو مندر کے درشن کریں گے۔ 11 بجے دن جگتیال میں کارنر میٹنگ سے خطاب ہوگا۔ 12 بجے دن ویملواڑہ اسمبلی حلقہ میں عوام سے ملاقات کریں گے اور ایک بجے دن کورٹلہ کا دورہ کریں گے۔ لنچ کے وقفہ کے بعد 2.30 بجے دن آرمور میں راہول گاندھی جلسہ عام سے خطاب کریں گے جس کے بعد وہ نئی دہلی واپس ہوجائیں گے۔