راہول گاندھی ‘ پرینکا گاندھی کو قیادت سنبھالنے کی اجازت دیں

,

   

گاندھی ۔ نہرو خاندان کی وجہ سے ہی پارٹی متحد رہی ہے ۔ سینئر لیڈر مری ششی دھر ریڈی کا ادعا
حیدرآباد 27 جون ( پی ٹی آئی ) چونکہ راہول گاندھی کانگریس کی صدارت کے عہدہ سے سبکدوشی کیلئے بضد ہیںایسے میں پارٹی کے ایک سینئر لیڈر نے آج ان سے اپیل کی کہ وہ اپنی بہن پرینکا گاندھی واڈرا کو پارٹی ذمہ داری سنبھالنے کی اجازت دیں۔ چار مرتبہ کے رکن اسمبلی مری ششی دھر ریڈی نے کہا کہ پارٹی کیڈر کو چاہئے کہ وہ حالیہ لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کی شکست کیلئے جوابدہی کے راہول گاندھی کے موقف کا احترام کریںا ور اس کی شروعات اوپر سے ہو اس بات سے قطع نظر کہ کیڈر کو راہول میں کتنا ہی اعتماد کیوں نہ ہو اور وہ کتنی ہی شدت سے چاہتے ہوں کہ راہول پارٹی قیادت پر برقرار رہیں۔ ششی دھر ریڈی قومی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی کے سابق نائب صدر نشین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کو بھی راہول گاندھی کی قیادت میں پورایقین ہے لیکن وہ راہول گاندھی کے اس خیال کا بھی احترام کرتے ہیں کہ پارٹی کو نیا لیڈر منتخب کرلینا چاہئے ۔ انہوں نے پی ٹی آئی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کو آگے بڑھنا چاہئے ۔ ہندوستان بھر میں اپنے وجودکو بروئے کار لاتے ہوئے بی جے پی کا مقابلہ کیا جانا چاہئے ۔ حالانکہ پارٹی کو خاطر خواہ تعداد میں نشستیں حاصل نہیں ہوئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ راہول گاندھی کے خیالات کا احترام کرتے ہوئے جلد ہی کوئی فیصلہ کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کو جاریہ سال کے اواخر میں کچھ ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کیلئے تیاری بھی کرنی ہے ۔ ششی دھر ریڈی ہمیشہ یہ کہتے رہے ہیں کہ چونکہ کانگریس کی قیادت گاندھی ۔ نہرو خاندان کے پاس رہی ہے اس لئے ہی پارٹی کو متحد رکھا جاسکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ کچھ لوگ اسے موروثی سیاست کہیں یا کچھ اور کہیں لیکن کانگریس کئی برسوں سے اسی طرح کام کرتی رہی ہے اور گاندھی خاندان کی اپیل کی وجہ سے ہی ہندوستان بھر میں اس کا وجود برقرار رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے میں اگر راہول گاندھی ‘ پرینکا گاندھی واڈرا کو قیادت کی ذمہ داری سنبھالنے کا موقع دیں تو کیڈر کو خوشی ہوگی ۔ انہوں نے حقیقی معنوں میں پارٹی میں مکمل تبدیلیوں کی بھی وکالت کی ۔