راہول گاندھی کا 9 مارچ کو دورہ تلنگانہ ، جلسہ کی تیاریاں

,

   

کانگریس قائدین کا اجلاس ، دو لاکھ افراد کی شرکت متوقع
حیدرآباد ۔ 5۔ مارچ (سیاست نیوز) صدر کانگریس راہول گاندھی 9 مارچ کو تلنگانہ کا ایک روزہ دورہ کریں گے اور چیوڑلہ لوک سبھا حلقہ میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے ۔ لوک سبھا انتخابات سے قبل راہول گاندھی کا دورہ تلنگانہ کانگریس کی انتخابی مہم کا عملاً آغاز رہے گا ۔ جلسہ عام کے لئے پہاڑی شریف اور شمس آباد کے علاقہ میں دو مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے اور پردیش کانگریس کمیٹی کے عہدیداروں نے دونوں اراضیات کا معائنہ کیا۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کی صدارت میں سینئر قائدین کا اجلاس منعقد ہوا جس میں اے آئی سی سی جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ آر سی کنتیا، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا ، قانون ساز کونسل میں فلور لیڈر محمد علی شبیر ، رکن پارلیمنٹ کونڈا وشویشور ریڈی ، ارکان اسمبلی سبیتا اندرا ریڈی ، سدھیر ریڈی اور دیگر قائدین نے شرکت کی ۔ جلسہ عام کو کامیابی بنانے کیلئے بڑے پیمانہ پر تیاریوں کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ پردیش کانگریس کمیٹی نے جلسہ عام میں بوتھ سطح کے کارکنوں کو مدعو کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ توقع کے مطابق دو لاکھ افراد جلسہ عام میں شرکت کریں گے ۔ پہاڑی شریف کے خلاف موجود اراضی پر اسمبلی انتخابات کے دوران بھی جلسہ عام منعقد کیا گیا تھا ۔ یہ اراضی سبیتا اندرا ریڈی کے رشتہ داروں کی ہے۔ توقع ہے کہ کل تک جلسہ عام کے مقام کو قطعیت دے دی جائے گی اور ہنگامی سطح پر تیاریوں کا آغاز ہوگا۔ راہول گاندھی کے دورہ سے تلنگانہ کانگریس قائدین میں نئے جوش و خروش کا امکان ہے ۔ توقع ہے کہ راہول گاندھی کی موجودگی میں لوک سبھا کیلئے پارٹی امیدواروں کے ناموں کا بھی اعلان کردیا گیا ہے۔ جلسہ کی تیاریوں کے سلسلہ میں حیدرآباد ، رنگا ریڈی ، وقار آباد اور اطراف کے اضلاع کے قائدین کو متحرک کیا جائے گا۔