ملکارجن کھرگے نے ریونت ریڈی سے فون پر بات چیت کی
حیدرآباد۔ 18 مئی (سیاست نیوز) کانگریس لیڈر و لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی نے پرانے شہر گلزار حوض میں آتشزدگی سانحہ میں خواتین اور بچوں سمیت 17 افراد کی ہلاکت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ راہول گاندھی نے اپنے پیام میں مہلوکین کے پسماندگان سے تعزیت اور دکھ کا اظہار کیا اور زخمیوں کی عاجلانہ صحتیابی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ راہول گاندھی کے دفتر سے واقعہ کے سلسلہ میں تفصیلات طلب کی گئیں۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے ہائی کمان کو تفصیلات سے واقف کرایا۔ اسی دوران صدر کانگریس ملکارجن کھرگے نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے فون پر بات کی اور معلومات حاصل کیں۔ چیف منسٹر نے ملکارجن کھرگے کو تفصیلات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ اطلاع ملتے ہی بچاؤ اور امدادی کاموں کا آغاز کردیا گیا جس کی نگرانی وزراء کررہے ہیں۔ کھرگے نے متاثرین کے موثر علاج اور مہلوکین کے پسماندگان کو مناسب معاوضہ کا مشورہ دیا۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا، وزیر صحت دامودر راج نرسمہا اور وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر امدادی کاموں کی شخصی طور پر نگرانی کررہے ہیں۔ 1