اسٹیچ پر ریاست کے اہم قائدین موجود‘اختلافات کی افواہیں ختم
چندی گڑھ : کانگریس قائد راہول گاندھی نے آج ہریانہ میں الیکشن ریالی سے خطاب کیا جہاں کانگریس پارٹی میں پھوٹ کی افواہیں سرگرم تھی لیکن اتحاد کے ایک غیر معمولی مظاہرہ میں ریاستی کانگریس کے سرکردہ قائدین بھوپندر سنگھ ہڈا اور کماری سیلجا نے کرنال کے اسندھ میں لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی کی موجودگی میں ایک انتخابی ریالی میں مشترکہ طور پر شرکت کی اور ان قیاس آرائیوں کو ختم کردیا کہ ہریانہ کانگریس میں نااتفاقیاں پائی جاتی ہیں ۔کانگریس کی ریاستی اکائی کے دو اہم گروپس کے سربراہ بتائے جانے والے دونوں قائدین کو ریاست میں 5 اکتوبر کو ہونے والے ہریانہ اسمبلی انتخابات سے قبل جلسہ عام کے دوران راہول گاندھی کے دونوں طرف بیٹھے دیکھا گیا۔دونوں رہنماؤں کی مشترکہ پیشی کو کانگریس پارٹی کی جانب سے اپنی ریاستی اکائی کے اندر پیدا ہونے والے اختلاف کے کسی تصور کو دور کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ یہ ایک ایسا مسئلہ ہے جو ریاست میں ٹکٹوں کی تقسیم کے دوران ابل پڑا تھا۔