راہول گاندھی کو 2029 میں وزیر اعظم بنانا فائنل میں کامیابی ہوگی: ریونت ریڈی

   

اسمبلی چناؤ سیمی فائنل تھا، تین ماہ میں بی سی مردم شماری کی تکمیل، مجالس مقامی چناؤ کی تیاری کرنے کارکنوں کو مشورہ، گاندھی بھون میں خطاب
حیدرآباد۔/15 ستمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں کامیابی محض ایک سیمی فائنل تھا 2029 میں راہول گاندھی کو وزیر اعظم کے عہدہ پر فائز کرنا فائنل میں کامیابی ہوگی۔ راہول گاندھی نئی دہلی میں لال قلعہ سے وزیر اعظم کی حیثیت سے قومی پرچم لہرائیں گے۔چیف منسٹر آج گاندھی بھون میں پردیش کانگریس کمیٹی کے نئے صدر مہیش کمار گوڑ کے جائزہ کے بعد جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کارکنوں نے سخت محنت کی اور دونوں الیکشن کانگریس کیلئے سیمی فائنل کی طرح تھے اور ہم سیمی فائنل تک پہنچے ہیں۔ 2029 میں راہول گاندھی کو وزیر اعظم کے عہدہ پر فائز کرنا فائنل میں کامیابی رہے گی اور کارکنوں کو ابھی سے اس کی تیاری کرنی چاہیئے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ پارٹی کارکنوں کی سخت محنت کے نتیجہ میں ارکان اسمبلی ، ارکان پارلیمنٹ اور ارکان کونسل منتخب ہوئے ہیں۔ مہیش کمار گوڑ کی قیادت میں مجالس مقامی کے انتخابات میںکانگریس شاندار کامیابی حاصل کرے گی۔ زیڈ پی ٹی سی، ایم پی ٹی سی اور سرپنچ کے عہدوں پر کانگریس کی کامیابی کی اہم ذمہ داری ہم تمام کو قبول کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ مہیش کمار گوڑ تمام قائدین اور کارکنوں میں بہتر تال میل کے ذریعہ پارٹی کے استحکام کی مساعی کریں گے۔ انہوں نے کارکنوں سے اپیل کی کہ مجالس مقامی کے انتخابات کی تیاریوں کا ابھی سے آغاز کردیں اور اپنے اپنے اضلاع میں متحرک ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ مہیش کمار گوڑ کا پردیش کانگریس کی صدارت پر فائز ہونا پارٹی کیلئے خوش آئند ہے۔ پارٹی ہائی کمان نے پسماندہ طبقات کو ترجیح دیتے ہوئے پردیش کانگریس کی صدارت پر فائزکیا ہے۔ چیف منسٹر نے گذشتہ 9 ماہ میں حکومت کی کارکردگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انتخابی وعدوں کی تکمیل کا آغاز ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی نے کسانوں کے دو لاکھ روپئے تک کے قرضہ جات معاف کرنے کا اعلان کیا تھا جس پر عمل آوری شروع ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 23 لاکھ کسانوں کے بینک اکاؤنٹس میں 18000 کروڑ جمع کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ سونیا گاندھی نے جن 6 ضمانتوں کا اعلان کیا ان پر مرحلہ وار عمل آوری شروع ہوچکی ہے۔ بھٹی وکرامارکا کی تلنگانہ کے گاؤں گاؤں میں پدیاترا سے کانگریس کو فائدہ ہوا جو ریاست میں تبدیلی کے نعرہ کے ساتھ کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار کے 48 گھنٹوں میں حکومت نے دو اہم ضمانتوں پر عمل آوری کا آغاز کیا۔ انہوں نے بتایا کہ آر ٹی سی بسوں میں ابھی تک 85 کروڑ خواتین نے مفت سفر کیا ہے۔ راجیو آروگیہ شری کے تحت مفت علاج کی حد کو 5 لاکھ سے بڑھا کر 10 لاکھ کردیا گیا۔ غریبوں کو 200 یونٹ مفت برقی سربراہی اور خواتین کو 500 روپئے میں گیس سلینڈر سربراہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ہریش راؤ نے 15 اگسٹ تک کسانوں کے 2 لاکھ روپئے کے قرضہ جات کی معافی کی صورت میں اسمبلی کی رکنیت سے استعفی کا چیلنج کیا تھا لیکن آج وہ اپنا چہرہ چھپاتے ہوئے پھر رہے ہیں۔ حکومت آئندہ فصلوں کیلئے کسانوں کو فی کنٹل 500 روپئے بونس دھان پر فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں تین ماہ کے دوران 30 ہزار جائیدادوں پر تقررات کئے گئے اور تقررات کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ینگ انڈیا اِسکل یونیورسٹی کے ذریعہ بیروزگار نوجوانوں کو روزگار پرمبنی کورسیس کی تربیت دی جائے گی۔ تلنگانہ کے کھلاڑیوں نے اولمپکس میں میڈل حاصل کیا ہے۔ حکومت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے ریاست میں اسپورٹس یونیورسٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ 2028 اولمپکس گیمس میں تلنگانہ کے کھلاڑیوں کی جانب سے میڈلس حاصل کرنے کا ہمیں یقین ہے۔ حیدرآباد کو کاسمو پولیٹن شہر کے طور پر ترقی دینے کیلئے مچرلہ میں فورتھ سٹی قائم کی جائے گی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت اور کانگریس پارٹی دونوں کو بہتر تال میل کے ذریعہ حکومت کی اسکیمات عوام تک پہنچانا چاہیئے۔ چیف منسٹر نے دعویٰ کیا کہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں تلنگانہ میں کانگریس کو 15 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوگی جس کیلئے ابھی سے محنت کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کارکنوں پر حملوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کوئی بھی مہیش کمار گوڑ کو کمزور نہ سمجھیں میں ان کے ساتھ ہر لمحہ کھڑا ہوں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اندرون تین ماہ بی سی مردم شماری کو مکمل کرلیا جائے گا جس کے بعد مجالس مقامی کے انتخابات ہونگے۔ انہوں نے کارکنوں سے اپیل کی کہ مجالس مقامی انتخابات میں پارٹی کے بہتر مظاہرہ کیلئے جدوجہد کریں۔1