راہول گاندھی کی شہریت منسوخ کرنے سے متعلق عرضی خارج

   

لکھنؤ:14مئی(یواین آئی)الہ آباد ہائی کورٹ کی لکھنؤ بنچ نے بدھ کو کانگریس کے سینئر لیڈرو لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی کی شہریت منسوخ کرنے کی درخواست کو مسترد کر دیا۔درخواست میں مسٹر گاندھی کے بیرون ملک سفر پر پابندی لگانے کی بھی درخواست کی گئی ہے جب کہ ان کی شہریت کا معاملہ زیر التوا ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ سماجی کارکن ایس وگنیش ششیر کی جانب سے گاندھی کی شہریت کو چیلنج کرنے والی یہ تیسری عرضی ہے ۔ ان کی سابقہ درخواستیں بھی عدالت نے مسترد کر دی تھیں۔تاہم عدالت نے ششیر کو اپنی دوسری درخواست پر 5 مئی کو منظور کیے گئے پہلے حکم پر نظرثانی کرنے کی آزادی کے ساتھ موجودہ درخواست کو واپس لینے کی اجازت دی تھی۔جسٹس اے آر مسعودی اور جسٹس اجے کمار شریواستو کی ڈویژن بنچ نے بدھ کو راہول گاندھی کی شہریت کے معاملے میں داخل کی گئی ایک تازہ پی آئی ایل پر یہ حکم دیا۔ عدالت نے کہا کہ عرضی گزار نے مرکزی حکومت کے سامنے ایک نمائندگی پیش کی ہے ، اور عدالت تب تک اس میں مداخلت نہیں کرسکتی جب تک کہ اس کے سامنے کچھ قانونی طور سے موزوں دستاویزات نہ پیش کئے جائیں۔بلا آخر عدالت نے ششر کو گذشتہ فیصلے کی نظر ثانی دائر کرنے کی آزادی کے ساتھ موجودہ عرضی واپس لینے کی اجازت دی۔