گاندھی بھون میں سینئر قائدین کی شرکت ، اتم کمار ریڈی ، ندیم جاوید اور میناکشی نٹراجن کا خطاب
حیدرآباد۔27۔اپریل (سیاست نیوز) کانگریس قائد راہول گاندھی کی لوک سبھا رکنیت ختم کئے جانے کے خلاف راجیو گاندھی پنچایت راج سنگھٹن کی جانب سے آج گاندھی بھون کے احاطہ میں ایک روزہ احتجاجی دھرنا منظم کیا گیا۔ پنچایت راج سنگھٹن کی قومی صدر اور رکن پارلیمنٹ میناکشی نٹراجن کے علاوہ سکریٹری اے آئی سی سی ندیم جاوید ، رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی ، اے آئی سی سی سکریٹری ڈاکٹر جی چنا ریڈی ، سابق صدر پردیش کانگریس وی ہنمنت راؤ ، ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ ، مہیلا کانگریس کی صدر سنیتا راؤ ، او بی سی سیل کے صدر این سریکانت، پنچایت راج سنگھٹن کے ریاستی صدر سدیشور ، سابق رکن اسمبلی ایم کودنڈا ریڈی اور دیگر قائدین نے حصہ لیا۔ مقررین نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی حکومت نے راہول گاندھی کے خلاف سیاسی انتقامی کارروائی کی ہے کیونکہ انہوں نے اڈانی اور مودی کے تعلقات کے بارے میں ملک کو باخبر کیا ہے۔ اڈانی کی کمپنیوں میں سرمایہ کاری سے متعلق راہول گاندھی کے انکشافات کا حکومت کی جانب سے آج تک کوئی جواب نہیں دیا گیا۔ سنیتا راؤ نے کہا کہ ملک میں بی جے پی کے زوال کا وقت قریب آچکا ہے۔ انتقامی کارروائیوں سے کانگریس کیڈر خوفزدہ نہیں ہوگا۔ وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ نریندر مودی وزیراعظم بننے کے بعد سے ملک میں جمہوریت کو خطرہ لاحق ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی نے بلیک منی ملک کو واپس لاتے ہوئے ہر خاندان کو 15 لاکھ روپئے فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا ۔ اس کے علاوہ ہر گھر کو روزگار کی فراہمی کا وعدہ بھی پورا نہیں ہوا۔ ڈاکٹر چنا ریڈی نے کہا کہ سورت کی عدالت کے فیصلہ کی آڑ میں مودی حکومت نے لوک سبھا کی رکنیت کو ختم کردیا جبکہ عدالت نے ایک ماہ کی مہلت دی تھی ۔ رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ملک بھر میں جمہوریت کو تحفظ کیلئے بڑے پیمانہ پر احتجاج جاری ہے۔ راہول گاندھی نے پارلیمنٹ میں جو سوالات اٹھائے تھے، آج تک ان کا جواب نہیں دیا گیا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی کو انتقامی کارروائیوں سے خوفزدہ نہیں کیا جاسکتا۔ ندیم جاوید نے کہا کہ ملک بھر میں کانگریس پارٹی مزید مضبوط ہوئی ہے اور عوام کانگریس کے ساتھ ہیں۔ر