حیدرآباد۔/15 فروری، ( سیاست نیوز) کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی کے خلاف چیف منسٹر آسام کے غیر مہذب ریمارک پر مہیلا کانگریس کی جانب سے آج زبردست احتجاج کیا گیا۔ صدر مہیلا کانگریس سنیتا راؤ کی قیادت میں نامپلی چوراہے پر دھرنا منظم کرتے ہوئے چیف منسٹر آسام کا علامتی پتلہ نذرِ آتش کیا۔ مہیلا کانگریس کارکنوں کو پولیس نے ریالی نکالنے کی اجازت نہیں دی اور گاندھی بھون کے اطراف اضافی پولیس کو تعینات کردیا گیا تھا۔ مہیلا کانگریس کے احتجاجی پولیس کا حصار توڑ کر نامپلی چوراہے تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے جہاں چیف منسٹر آسام اور بی جے پی قائدین کے خلاف نعرہ بازی کی گئی۔ سنیتا راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر آسام نے ملک کی تمام خواتین کی توہین کی ہے اور انہوں نے ایسا جرم کیا ہے جس کی کوئی معافی نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کو چیف منسٹر آسام کے خلاف کارروائی کرنی چاہیئے تھے۔ انہوں نے ہیمنت بسوا کی فوری برطرفی کا مطالبہ کیا۔ پولیس نے احتجاجیوں کو منتشر کردیا۔ احتجاج میں مہیلا کانگریس قائدین نیلم پدما، ورا لکشمی، این کویتا، انورادھا، سہاسنی، شہناز بیگم، زرین بیگم اور دوسروں نے حصہ لیا۔ مہیلا کانگریس نے ریاست بھر میں چیف منسٹر آسام کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرانے کا اعلان کیا۔ مہیلا کانگریس قائدین نے کہا کہ صدر پردیش کانگریس کی ہدایت پر پولیس اسٹیشنوں کے روبرو دھرنا دیں گے ۔ر