حیدرآباد 22 اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کانگریس قائد راہول گاندھی کے حالیہ مکتوب پر جذباتی ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے تلنگانہ کے تعلیمی اداروں میں پسماندہ طبقات کے طلبہ کے ساتھ امتیازی سلوک کو روکنے کے لئے اقدامات کا تیقن دیا۔ راہول گاندھی نے کانگریس زیراقتدار ریاستوں تلنگانہ، ہماچل پردیش اور کرناٹک کے چیف منسٹرس کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے تعلیمی اداروں میں امتیازی سلوک کو روکنے کیلئے قانون سازی کا مشورہ دیا۔ جاپان کے دورہ میں مصروف ریونت ریڈی نے کہاکہ تاریخی شہر ہیروشیما کے دورہ کے دوران میں نے آپ کا مکتوب پڑھا ہے۔ یہ شہر دنیا بھر میں امن کا پیام دیتا ہے۔ چیف منسٹر نے لکھا کہ یہ میری خوش قسمتی ہے کہ میں نے مہاتما گاندھی کے مجسمہ کو خراج پیش کرنے سے عین قبل آپ کا خط پڑھا ہے۔ ریونت ریڈی نے راہول گاندھی کے ویژن کو آگے بڑھانے کا بھروسہ دلایا اور کہاکہ آپ کے جذبہ کو آگے بڑھاتے ہوئے بہتر مستقبل کیلئے مساعی کی جائے گی۔ راہول گاندھی نے روہت ویمولا ایکٹ پر عمل آوری کی سفارش کی ہے۔1