پارٹی لیڈر نے حکومت کے دباو کو تسلیم کئے بغیر ہر مسئلہ پر واضح موقف اختیار کیا ۔ چیف منسٹر چھتیس گڑھ کا بیان
نئی دہلی ۔ راہول گاندھی ہی وہ واحد لیڈر ہیں جو کانگریس کی قیادت سنبھال سکتے ہیں کیونکہ انہوں نے ہی حکومت کے دباو کو قبول کئے بغیر کئی اہم مسائل پر سخت گیر موقف اختیار کیا ہے ۔ چیف منسٹر چھتیس گڑھ بھوپیش باگھیل نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے اس خیال کا اظہار ایسے وقت میں کیا ہے جب کانگریس میں مختلف گوشے راہول گاندھی کو دوبارہ پارٹی صدر بنانے کی وکالت کر رہے ہیں۔ ایک ہفتے کے اندر ہی کانگریس کی دو ریاستی یونٹوں نے راہول گاندھی کو پارٹی صدر بنانے کے حق میں قرار دادیں منظور کی ہیں۔ دہلی کانگریس نے گذشتہ اتوار کو ہی ایسی قرار داد منظور کی تھی جبکہ چھتیس گڑھ پردیش کانگریس کمیٹی نے کل ہفتے کو ایک قرار داد متفقہ طور پر منظور کی ہے جس میں راہول گاندھی کو دوبارہ پارٹی صدر بنانے پر زور دیا گیا ہے ۔ چھتیس گڑھ کی قرار داد میںکہا گیا ہے کہ تمام کانگریس کارکن پوری طرح سے راہول گاندھی کے ساتھ ہیں اور ان کا یہ ماننا ہے کہ راہول کی قیادت میں کانگریس کی تنظیم کو مستحکم کیا جاسکتا ہے ۔ راہول گاندھی کی قیادت میںکانگریس ورکرس میں ایک طرح کا اعتماد بحال ہوا تھا اور راہول کی قیادت میں پارٹی کارکن اپنی بنیادوں کو مستحکم کرینگے ۔ مسٹر باگھیل نے ایک انٹرویو میں کہا کہ راہول گاندھی کو پارٹی میں ہر ایک کا اعتماد حاصل ہے ۔ وہ پارٹی کو متحد رکھ سکتے ہیں۔ اس سوال پر کہ آیا راہول گاندھی قیادت کیلئے موزوں ہیں مسٹر باگھیل نے کہا کہ ان کے سواء پھر کون ہے ؟ ۔ راہول گاندھی کے علاوہ کوئی ایسا لیڈر ہیں جو سارے ملک کا دورہ کر رہا ہو اور سارے ملک میں کانگریس کارکن اس کو پہچانتے ہوں ؟ ۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی تمام مسائل پر اظہار خیال کر رہے ہیں۔ چاہے وہ نوٹ بندی ہو ‘ جی ایس ٹی ہو یا پھر کورونا ہو ۔ ہر مسئلہ پر انہوں نے اپنا موقف واضح کیا ہے ۔ راہول گاندھی نے کسانوں کے حق میں بھی واضح موقف اختیار کیا ہے ۔ ایسے میں وہی وہ واحد لیلار ہیںجنہوں نے ہر مسئلہ پر واضح موقف اختیار کیا ہے اور اپنے خیالات پوری طاقت سے پیش کر رہے ہیں اور حکومت کے دباو کے آگے جھک نہیں رہے ہیں۔ اس سوال پر کہ آیا راہول گاندھی کانگریس صدارت کیلئے منتخب ہونگے یا پھر ان کا تقرر عمل میں لایا جائیگا مسٹر باگھیل نے کہا کہ اس سلسلہ میں کل ہند کانگریس کمیٹی اور کانگریس ورکنگ کمیٹی کی جانب سے جو کچھ بھی فیصلہ کیا جائیگا اس کو قبول کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ سب کچھ پارٹی دستور کے مطابق ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ یقینی طور پر راہول گاندھی ہی وہ لیڈر ہیں جو پارٹی کی قومی قیادت کی ذمہ داری سنبھال سکتے ہیں۔ انہوں نے ورکنگ کمیٹی کے انتخابات اور پارٹی صدارت کے انتخابات کے تعلق سے ایک سوال پر کہا کہ ہماری پارٹی کی جو روایات رہی ہیں ان پر عمل کیا جائیگا ۔ ہمارا ایک دستور ہے اور ہماری روایات ہیں اور ان پر عمل کیا جائیگا ۔ کانگریس پارٹی نے گذشتہ مہینے اعلان کیا تھا کہ کانگریس کے نئے صدر کا جون 2021 سے قبل بہرصورت انتخاب کرلیا جائیگا ۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی کے تین گھنٹے طویل اجلاس میں یہ بات طئے پائی تھی ۔ اجلاس میں کارگذار صدر سونیا گاندھی کو اختیار دیا گیا تھا کہ وہ داخلی انتخابات کا شیڈول جاری کریں۔